پٹرولیم مصنوعات کی طلب 5ماہ کی کم ترین سطح پہنچ گئی

سلمان صدیقی  اتوار 3 مارچ 2024
فروری میں سالانہ بنیادوں پر 8فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 19فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو:فائل

فروری میں سالانہ بنیادوں پر 8فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 19فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو:فائل

کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی طلب 5ماہ کی کم ترین سطح پہنچ گئی۔

پٹرولیم مصنوعات کی طلب فروری میں پانچ ماہ کی کم ترین سطح 1.12 ملین ٹن پر پہنچ گئی، جس کی بنیادی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، صنعتی سرگرمیوں میں کمی، زرعی ٹیوب ویلز کی سولر پر منتقلی اور فرنس آئل سے چلنے والے پاور پلانٹس کے بجائے مقامی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس اور نیو کلیئر پاور پلانٹس کی پاور سسٹم میں شمولیت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی فروخت میں7 ماہ کے دوران 7 فیصد کمی

عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق فروری کے مہینے میں سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی طلب میں 8 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 19کمی ریکارڈ کی گئی ہے، مجموعی طور پر رواں مالی سال کے پہلے8 ماہ جولائی تا فروری کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی طلب 13 فیصد کمی کے ساتھ 10.18 رہ گئی ہے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 11.69 ملین ٹن رہی تھی۔

ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر اکسیر ریسرچ اویس اشرف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے لوگوں کی قوت خرید میں کمی ہوئی ہے اور انھوں نے مہنگی اشیاء کی خریداری سے گریز کیا ہے، اس کے علاوہ معاشی بحران کی وجہ سے صنعتی سرگرمیاں بھی رک چکی ہیں، جس کی وجہ سے بھی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔