شائقین کرکٹ نے سخت سردی میں ماحول گرمادیا

دوران میچ اسٹیڈیم پُرجوش نعروں سے گونجتا رہا، سخت سیکیورٹی انتظامات


Sports Desk March 05, 2024
دوران میچ اسٹیڈیم پُرجوش نعروں سے گونجتا رہا، سخت سیکیورٹی انتظامات۔ فوٹو: پی سی بی

شائقین کرکٹ نے سخت سردی میں ماحول گرما دیا جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل9 میچ کے دوران پنڈی اسٹیڈیم پْرجوش نعروں سے گونجتا رہا۔

گزشتہ روز پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایچ بی ایل پی ایس ایل9میچ میں بیشتر اسٹینڈز تماشائیوں سے بھر گئے،ان میں فیملیز کی بڑی تعداد بھی شامل تھی، بچوں نے اپنے چہروں پر پسندیدہ ٹیموں کے لوگو پینٹ کرائے، پرچم اور شرٹس کی خریداری کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

میزبان اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کی کارکردگی نے ان کی خوشیاں دوبالا کردیں،شاداب خان اور اعظم خان کے اسٹروکس پر پْرجوش نعروں کی گونج سنائی دیتی رہی،بعد ازاں بولرز نے پشاور زلمی کی بیٹنگ کے پرخچے اڑائے تو جوش و خروش میں مزید اضافہ ہوگیا،نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی حنین شاہ کراؤڈ فیورٹ بنے رہے، پیسر جب بھی باؤنڈری کے قریب آتے ان کا نام پکار کر نعرے لگائے جاتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل9؛ ''اسٹینڈ میں شائقین سے زیادہ تو گراؤنڈ میں کھلاڑی موجود ہیں''

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم رن آؤٹ ہوئے تو پرستار خاصے مایوس نظر آئے، اسٹینڈز میں پشاور زلمی کے پرستاروں کی بھی اچھی خاصی تعداد موجود تھی،ان میں سے کئی پشاور سمیت دیگر شہروں سے آئے تھے،چند ٹکٹ ملنے کی امید پر آئے مگر مایوس ہوکر آس پاس گھومتے رہے۔

اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں پر میلے کا سماں رہا،جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والے بھی سرگرم رہے،میچ کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات دیکھنے میں آئے،اسٹیڈیم اور اطراف کی سڑکوں پر حصار قائم رہا، رینجرز ، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار ڈیوٹیز پر مستعد رہے،ٹیموں کی آمدورفت کے روٹس کی بھی کڑی نگرانی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں