آئی فون صارفین کو واٹس ایپ سروس میں مشکلات کا سامنا
واٹس ایپ صارفین کو موصول ہونے والی تصاویر فوٹو ایپ میں میں دو بار خودبخود محفوظ کر رہا ہے
دنیا بھر میں آئی فون صارفین کو پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس کی جانب سے مشکلات کا سامنا ہے۔ واٹس ایپ آئی فون صارفین کو موصول ہونے والی تصاویر فوٹو ایپ میں میں دو بار خودبخود محفوظ کر رہا ہے۔
صارفین کو یہ مسئلہ چند دن قبل در پیش آیا ہے جس کو حل کرنے کی غرض سے مدد کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا اور کسٹمر سپورٹ چینل کا سہارا لیا۔
ایپل کی ایک کمیونیٹی سپورٹ ڈسکشن پر ایک صارف کا کہنا تھا کہ ان کے آئی فون پر واٹس ایپ کی تصاویر کو فوٹو ایپ میں خودبخود محفوظ کرنے کی سیٹنگ آن ہے۔ یہ سیٹنگ مناسب کام کر رہی تھی لیکن دو روز قبل فوٹو ایپ نے تصاویر کو دو دو بار محفوظ کرنا شروع کر دیا۔ جس کا مطلب ہے کہ اگر واٹس ایپ پر کوئی تصویر موصول ہوتی ہے اور پھر وہ فوٹو ایپ پر جاتے ہیں تو اس تصویر کی نقل بھی موجود ہوتی ہے۔
ایپل نے اپنے صارفن کو مسئلے کے حل کے لیے واٹس ایپ کے کسٹمر سپورٹ کی راہ دکھائی۔ البتہ، میٹا کی ذیلی ایپلی کیشن کی جانب سے معاملے پر کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ اور صارفین کو اس مسئلے کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیٹنگ میں جا کر 'سیو اِن فوٹوز' کو بھی بند کیا پھر فون کو ری اسٹارٹ کرنے کے بعد جب سیٹنگ آن کی تو کوئی فرق نہیں پڑا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کی وجہ سے ان کو اپنے اسٹورج اور فوٹو البم کو سنبھالنا مشکل ہو رہا ہے۔