ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر آج بھی بڑھ گئی

احتشام مفتی  جمعرات 21 مارچ 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں آج پھر اضافہ ہوگیا۔

آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد عالمی بینک کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے 250ملین ڈالر کا قرض منظور ہونے اور معاشی اشاریے بہتر ہونے سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کے روز بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا اور ڈالر کے اوپن ریٹ 281روپے سے بھی نیچے آگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں اضافہ

جون کے اختتام سے قبل پاکستان پر واجب الادا 6ارب ڈالر مالیت کے قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی سہولت ملنے کی توقعات، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ انفلوز میں 2فیصد اضافے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں آنے جیسے دیگر معاشی اشاریوں میں بہتری روپے کے استحکام میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔ انفلوز میں بہتری سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں بھی بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

جمعرات کے روز کاروباری دورانیے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 26پیسے کی کمی سے 278روپے 15 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم مقامی وبیرونی ادائیگیوں کی ضروریات کے لیے طلب بڑھنے کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر صرف 01پیسے کی کمی سے 278روپے 40پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 22 پیسے کی کمی سے 280روپے 90پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔