کراچی میں 2 ہزار سے زائد موبائل فون چھیننے والا ڈاکو گرفتار

ساتھی ملزمان آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے فروخت کر دیتے تھے


Staff Reporter April 14, 2024
 ( فوٹو؛ فائل )

مومن آباد پولیس کے ہاتھوں زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو فرحان ولد عمر زادہ عادی جرائم پیشہ اور ڈکیت گینگ کا کارندہ نکلا۔

ایس ایس پی ویسٹ عبدالحفیظ بگٹی نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت فرحان نے عیدالفطر کے دوسرے روز اورنگی ٹاؤن فٹبال چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر خاتون کو ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کیا تھا جبکہ ایک ماہ قبل اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سائٹ اے کے علاقے میٹروول میں قائم بہرام اسٹور پر بھی ڈکیتی کی واردات میں ملوث اور سی سی فوٹیج میں دکھائی دے رہا تھا۔

گرفتار ڈکیت نے گزشتہ سال سوزوکی ڈرائیور کو بھی مزاحمت پر فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔ اس نے دوران تفتیش میں مزید انکشاف کیا گیا کہ اس نے سال 2022 سے اب تک اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں 2 ہزار سے زائد موبائل فون چھینے ہیں۔

اس کے ساتھی عدنان اور فرحان چھینے گئے موبائل خرید کر ان کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کر کے فروخت کرتے ہیں جبکہ گرفتار ڈکیت عادی جرائم پیشہ ہے جس کے خلاف اس سے قبل سائٹ اے، مومن آباد اور پیر آباد تھانے میں ڈکیتی، گٹکا ماوا ایکٹ، غیر قانونی اسلحہ برآمدگی اور پولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

گینگ میں بلال، رحمٰن، عدنان اور رحمٰن سمیت باوانی چالی کا ایک رہائشی بھی شامل ہے جن کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں