ملیر میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون قتل شہریوں کے تشدد سے ڈاکو بھی ہلاک

رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 64 ہوگئی


Staff Reporter April 18, 2024
(فوٹو: فائل)

ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہوگیا، مشتعل عوام نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناکر فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی منگل بازار کے قریب موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران ایک شہری نے ان پر فائرنگ کر دی جس پر ڈاکوؤں نے بھی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں راہگیر خاتون اور ایک مرد زخمی ہوگیا۔

اس دوران اہل محلہ نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو رضا کار موقع پر پہنچ گئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جس کی شنانخت 30 سالہ شاہدہ کے نام سے کی گئی، زخمی 55 سالہ نوید حسین کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ شاہدہ اس ہی علاقے کی رہائشی تھی جس کا تعلق آبائی تعلق لودھراں سے تھا جو کہ گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی جبکہ وہ ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں اپنی پھوپھی کے گھر رہتی تھی۔

ایس ایچ او ملیر سٹی فراست شاہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اس کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کی مدد سے اسرار ولد شریف کے نام سے کی گئی جو کہ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے شفیع گوٹھ کا رہائشی تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے تاہم عینی شاہدین سے مزید معلومات حاصل کرتے ہوئے تحقیقات کر رہی ہے، ڈاکو کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل پولیس نے اپنے قبضے میں لے لی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں