تحریک انصاف کا ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان
جمعے کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، ضمنی الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی، رہنما پی ٹی آئی
April 22, 2024
پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر برائے قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں بھی بدترین دھاندلی کر کے اپنے امیدواروں کو جتوایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ لیگی امیدوار کو ووٹ ملنا ہی دھاندلی ہے، لاہور اور گجرات میں جعلی طور پر امیدواروں کو ہروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نقل کیلیے بھی عقل چاہیے مگر بدقسمتی سے یہاں عقل کا فقدان ہے۔ عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ ڈی پی او گجرات بھی دھاندلی میں ملوث تھے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں دھاندلی کے خلاف جمعے کے روز احتجاج کریں گے، تحریک کا آغاز فیصل آباد سے ہوگا اور پانچ مئی کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے ضمنی الیکشن میں جیتنے والے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت سے مبینہ دھاندلی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔