ایپل کا آن لائن ایونٹ کے انعقاد کا اعلان
آئندہ ماہ مئی کی 7 تاریخ کو ایپل نے ایک آن لائن ایونٹ میں نئی پروڈکٹ لانچ کرانے کا اعلان کر دیا
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئندہ ماہ مئی کی 7 تاریخ کو ایک آن لائن ایونٹ میں نئی پروڈکٹ لانچ کرانے کا اعلان کر دیا۔
ذرائع ابلاغ کو جاری کیے جانے والے دعوت نامے کے مطابق 'لیٹ لوز' ٹیگ لائن کی یہ تقریب ایپل کی ویب سائٹ پر مشرقی وقت کے مطابق صبح 10 بجے لائیو اسٹریم کی جائے گی۔ ایپل کے لانچ ایونٹ عموماً پہلے سے ریکارڈ شدہ ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 2023 میں کوئی نیا ماڈل متعارف نہ کرانے کے بعد اب آئندہ ایونٹ میں نئے آئی پیڈز کی ریلیز متوقع ہے۔ کمپنی کی جانب سے دیے گئے دعوت نامے پر ایپل پینسل دکھائی گئی ہے جو کمپنی کا آئی پیڈ اسٹائلس ہے۔ کمپنی ممکنہ طور پر اپنے ہائی اینڈ آئی پیڈ پرو کے اپ گریڈ کے ساتھ بڑا آئی پیڈ ایئر جاری کرنے جارہی ہے۔
(تصویر: ایپل)
بعض اوقات ایپل اس عرصے (مارچ تا مئی) میں عموماً آئی فونز، ایپل واچز اور ایسیسریز کے لیے نئے رنگ متعارف کراتا ہے۔ آخری بار کمپنی کی جانب سے مارچ 2022 میں یہ ایونٹ منعقد کرایا گیا تھا جس میں آئی پیڈ ایئر اور ایک لوئر اینڈ آئی فون کا اعلان کیا گیا تھا۔
ایپل کی جانب سے رواں برس، عین ممکن ہے جون میں منعقد کی جانے والی ورلڈ وائڈ ڈیویلپرز کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کے متعلق اہم اعلانات متوقع ہیں۔