خوابوں کی تعبیر

خوابوں کی تعبیر کا دلچسپ مجموعہ


فوٹو : فائل

سانپ سے خوفزدہ ہونا
ندیم شیخ، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کمرے میں سو رہا ہوں اور اچانک باھر سے امی اور باجی کے چیخنے کی آواز آتی ہے جس کو سن کے میں ہڑبڑا کے اٹھتا ہوں اور باہر دوڑتا ہوں ۔ باہر ایک کالے رنگ کا سانپ جانے کہاں سے ہمارے صحن میں موجود ہوتا ہے جس کو دیکھ کر میری والدہ اور بہن چیخ رہی ہوتی ہیں۔ میں خود بھی ایک لمحہ کو ڈر جاتا ہوں پھر تیزی سے ڈنڈا اٹھا کر اس کی طرف تیزی سے بڑھتا ہوں تا کہ مار سکوں مگر اسی دوران شور شرابے کی وجہ سے وہ جانے کدھر غائب ہو جاتا ہے جس سے گھر میں مزید خوف پھیل جاتا ہے ۔

تعبیر: آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ کسی سے دشمنی ہو سکتی ہے اور وہ غالب آ سکتا ہے ۔کاروباری معاملات میں لین دین میں بہت احتیاط کریں۔ رشتے داروں سے بھی اپنے معاملات درست رکھیں ۔ نقصان کی صورت میں کاروبار میں کمی ہو سکتی ہے اور اس سے مال و وسائل میں بھی بندش کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کوشش کریں کہ صدقہ و خیرات کیا کریں۔ منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش یا کالا کپڑا کسی مستحق کو دے دیں۔ محفل مراقبہ میں آپ کے لئے دعا کرا دی جائے گی ۔

دوکان میں آتشزدگی
دلبر حسین، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری دوکان میں آگ لگ گئی ہے اور سارا سامان جل گیا ہے۔ بازار کے لوگوں نے بجھانے کی بہت کوشش کی مگر کوشش کے باوجود سامان نہ بچا سکے۔ اس کے بعد میں نوٹس کر رہا ہوں کہ بہت کم سیل ہو گئی ہے۔ کوئی گاہک آتا ہی نہیں ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی خوف پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، اللہ پہ مکمل ایمان رکھیں۔ انشا اللہ آپ کی مشکلات حل ہو جائیں گی ۔ آپ رات کو بعد از عشاء اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کے 41 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کے اللہ تعالی سے دعا کیا کریں کہ اللہ آپ کے وسائل میں برکت پیدا کریں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی لازمی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

مارکیٹ میں خریداری
عبدالکریم، بہاولپور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی مارکیٹ میں ہوں۔ وہاں ہم ایک دوکان کے اندر کچھ خریدنے جاتے ہیں مگر دوکاندار نماز میں مصروف ہوتا ہے جس کی وجہ سے ہم کو انتظار کرنا پڑ جاتا ہے۔ اسی دوران میرا ایک دوست چیزیں اٹھا کر اپنی جیب میں رکھنے لگ جاتا ہے ۔ جس کی دیکھا دیکھی ہم بھی کچھ چیزیں اٹھاتے ہیں اور باہر نکل آتے ہیں ۔ مہربانی فرما کر مجھے اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے بدنامی ہو سکتی ہے یا کچھ معاملات میں غلط فیصلوں کا نتیجہ بھگتنا پڑ جائے گا جو کہ آپ کے حق میں اچھا نہیں ہو گا ۔ کوشش کریں کہ اپنے کاروباری تعلیمی اور گھریلو معاملات درست رکھیں ۔کسی بھی قسم کی دھوکہ دھی یا غلط بیانی سے اجتناب کریں کیونکہ اس کا نتیجہ آپ کے حق میں اچھا ثابت نہیں ہو گا ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ سیرت کی کتب کا مطالعہ کیا کریں اور زیادہ سے زیادہ باوضو رھنے کی کوشش کیا کریں ۔

لباس پر غلاظت
مہندی حسن، میانوالی
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں، جب الماری سے کپڑے نکالتا ہوں تو ان پہ غلاظت لگی ہوتی ہے۔ میں یہ دیکھ کر کافی پریشان ہوتا ہوں، پھر ان کو باہر نکال کر دوسرے نکالتا ہوں تو ان پہ بھی اسی طرح بہت گندگی لگی ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں کہ یہ گندگی کپڑوں کو کہان سے لگ گئی۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آ سکتی ہے۔کسی کی طرف سے کوئی الزام بھی لگایا جا سکتا ہے۔ جس سے آپ کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے ۔کاروبار میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ اور اس سے مال و وسائل میں کمی آنے کا خدشہ ہو سکتا ہے ۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی ممکن ہو تو کیا کریں ۔

دولت خرچنے کے منصوبے
اسلم وڑائچ ، سرگودھا
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کھیتوں میں فصل کٹوا رہا ہوں اور بہت زیادہ خوش ہو رہا ہوں کیونکہ اللہ کے فضل سے اس مرتبہ بہت اچھی فصل اتری ہے۔ اس کے ساتھ دل میں منصوبے بنا رہا ہوتا ہوں کہ کیسے میں اس دفعہ ان پیسوں کو خرچ کروں گا ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو رزق حلال ملے گا ۔ حلال کھانے والے کو ذھنی سکون ملتا ہے۔ آپ کے کاروبار میں انشاء اللہ برکت ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔

مصلیٰ بچھانا
روبینہ شاہین، چنیوٹ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں فجر کی نماز ادا کرنے کے لئے مصلہ بچھاتی ہوں اور جائے نماز دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں کہ واہ کتنی پیاری ہے۔ نماز کے بعد میں کتنی دیر ادھر بیٹھی ذکر اذکار کرتی رہتی ہوں پھر اس کو لپیٹ کر رکھ دیتی ہوں۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے گھر میں عافیت ہو گی اور دل اللہ کی یاد میں مشغول رہے گا جس سے ہر چیز میں برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور ہر روز سورہ بقرہ کی تلاوت کیا کریں۔

پھل کھانا
مبین حنیف، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دفتر میں بیٹھا ہوں اور میرا ایک ساتھی سب کے لئے آڑو لے کر آتا ہے۔ وہ بہت ہیی لذیذ ہوتے ہیں اور ہم سب ساتھی بہت مزے سے کھاتے ہیں ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اللہ تعالی فرزند کی نعمت سے نوازیں ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔

الماری میں کپڑے رکھنا
عمران جٹ، مظفر گڑھ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں امتحانوں کے بعد اپنی الماری ٹھیک کرنے کی غرض سے کھولتی ہوں اور حیران ہوتی ہوں کہ سب کپڑوں سے شدید بو آ رہی ہوتی ہے۔
تعبیر : یہ خواب اللہ نہ کرے کسی پریشانی کی طرف اشارہ کر رہا ہے۔ یہ کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی یا گھریلو بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے استغفار کیا کریں، محفل مراقبہ میں بھی آپ کے لئے دعا کرا دی جائے گی۔

والد گلے لگاتے ہیں
ڈاکٹر عبداللہ، گوجرانوالہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں اور اسی دوران میرے والد کمرے میں داخل ہوتے ہیں اور مجھے کچھ نصیحتیں کرنا شروع کر دیتے ہیں پھر وہ مجھے گلے لگا کر پیار کرتے ہیں ۔ براہ کرم اس کی تعبیر بتا دیجئے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے ہر طرح کی پریشانی دور ہو گی۔ آپ کے کاروبار اور وسائل میں برکت ہو گی۔ حالات کی بہتری کی طرف اشارہ ملتا ہے ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاشکور یااللہ کا ورد کیا کریں ۔

حلوہ کھانا
ذوالفقار جٹ، گجرات
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے پرانے محلے میں کسی دوست سے ملنے گیا ہوں ۔ وہاں پہ میری امی بھی موجود ہیں اور ہمارے ہمسائیوں کے گھر کھڑی سب بچوں کو حلوہ بانٹ رہی ہیں ۔ مجھے بہت حیرت ہوتی ہے کہ امی میرے ساتھ ہی آ جاتیں ۔ میرے بہت سے پرانے دوست اور کئی محلے والے ان کا شکریہ ادا کرنے آ رہے ہوتے ہیں ۔ پھر ہم بھی اس حلوہ کو کھاتے ہیں جو کہ بے حد لذیذ ہوتا ہے ۔ میرے دوست مجھ سے کہتے ہیں کہ ان کو اپنی امی سے مزید بھی بنوا دوں ۔ برائے مہربانی مجھے اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ کی مہربانی سے تنگ دستی، غم اور پریشانی سے نجات ملے گی۔ اللہ تعالی کی مہربانی سے قرض کی ادائیگی کی کوئی بہتر سبیل بن جائے گی۔ اور اس کے علاوہ اگر کوئی بیمار ہے گھر میں تو اس کو شفاء ملے گی۔آپ سب نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

فصل کم ہونا
محمود حسین، راجن پور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں کا جائزہ لے رہا ہوں اور اپنے ہمسائیوں کی فصل کو دیکھ کہ سوچتا ہوں کہ ان کا کھیت سرسوں سے لدا پڑا ہے جبکہ میرا اس سال اچھی کھاد استعمال کرنے کے باوجو اتنا کم کیوں ہے اور واقعتاً میرا لگا ہوا سرسوں کافی سوکھا ہوا اور کم نمو یافتہ ہوتا ہے جس کو دیکھ کہ میں بہت رنجیدہ ہوتا ہوں اور ڈیرے کی طرف چل پڑتا ہوں۔

تعبیر: خواب ظاپر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم سے واسطہ پڑ سکتا ہے۔کاروباری معاملات میں بھی کسی رکاوٹ یا پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر جمعرات حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔ اس کے علاوہ اپنے گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا بھی اہتمام کریں۔

شوہر کے ساتھ سفر
عنبرین خان، سرگودھا
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ کہیں جا رہی ہوں ۔ راستے میں کہیں ریوڑ ملتا ہے جس کی پیاری پیاری بکریاں دیکھ کر میں اصرار کرتی ہوں کہ میں اپنے بیٹے کے لئے ایک بکری لے جائوں تا کہ وہ اس سے کھیلا کرے ۔ میری ضد سے تنگ آ کر میرے میاں ایک بکری خرید لیتے ہیں۔ مگر گھر آ کر جب ھم دیکھتے ہیں تو وہ بکری مری ہوتی ہے۔ یہ دیکھ کہ میرے میاں مجھ پہ بہت زیادہ ناراض ہوتے ہیں اور پھر مجھے سمجھ بھی نہیں آتی کہ میں اس کو کہاں پھینکوں۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑے گا۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں، خاص طور پر اپنے میاں کے ساتھ غیرضروری بحث سے گریز کریں ۔ بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کے پھونک مار دیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔

کالج کی تقریب میں شرکت
واحدہ خانم، کوئٹہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج کسی فنکشن میں گئی ہوئی ہوں اور خوب پیارا ریشم کا بنا ہوا قیمتی لباس پہنے ہوئے ہوں ۔ میری دوستیں بھی خوب بن سنور کے آئی ہوئی ہیں مگر اس کے باوجود سب مجھ سے اس جوڑے کے بارے میں پوچھ رہے ہوتے ہیں جو کہ مجھے خود نہیں پتہ ہوتا کہ کس نے دیا یا کہاں سے آیا ۔جب ہم اپنے اساتذہ سے ملتے ہیں، میری کئی اساتذہ مجھے بلا کے اس سوٹ کی نرمی اور خوبصورتی کی تعریف کرتی ہیں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا، آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

دوست کے گھر دعوت میں شرکت
طاہر مقصود، کراچی
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر گیا ہوں اور جیسے وہاں کوئی دعوت ہو رہی ہے۔ میں یہ دیکھ کر سوچتا ہوں کہ میں اس وقت واپس چلا جاتا ہوں اور دوبارہ کسی روز آ جاوں گا ۔ مگر میرے دوست کی والدہ مجھے زبردستی اندر لے جاتی ہیں اور ایک کمرے میں بٹھا دیتی ہیں۔ کچھ ہی دیر میں ادھر ملازمہ کچھ ٹرے میں لے کر آتی ہے جو کہ زردہ ہوتا ہے ۔ مجھے ذاتی طور یہ پسند نہیں مگر وہاں میں یہ کھا لیتا ہوں اور بے حد لذیذ اور ایسے ذائقے والا ہوتا ہے کہ میرا ھاتھ نہیں رکتا ۔ میں پوری پلیٹ ختم کر جاتا ہوں۔ اتنی دیر میں میرا دوست بھی آ جاتا ہے تو میں اس سے بھی اس کے منفرد ذائقے کی تعریف کرتا ہوں۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات پہ دلیل کرتا ہے کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے آپ کو مال و دولت عطا کریں گے ۔ مال و وسائل میں اضافے سے رزق میں بھی برکت ہو گی اور اس سے زندگی میں آسانی پیدا ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کیا کریں۔

قربانی کی تیاری کرنا
نصیر احمد، گوجرانوالہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں بقر عید کے لئے جانور قربان کرنے کے لئے چھری لا کر رکھتا ہوں اور باقی کی چیزیں بھی اکٹھی کر کے قربانی کے لئے کام شروع کرتا ہوں، مگر کیا دیکھتا ہوں کہ میری چھری بہت زنگ آلود ہوتی ہے اور اس قابل بھی نہیں ہوتی کہ سبزی تک کاٹ سکے، جانور کاٹنا تو ناممکن سی بات تھی۔ یہ دیکھ کر میں بہت رنجیدہ و پریشان ہوتا ہوں اور اٹھ کر گھر کے اندر چلا جاتا ہوں ۔

تعبیر :آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب اس کا تعلق گھریلو تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں ۔ ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں ۔

دفتر میں کام کرنا
سعد اختر، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں دفتر میں بیٹھا دیر تک کام کر رہا ہوں کیونکہ مجھے وہ اسی دن پورا کر کے جمع کرانا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں جلدی جلدی مکمل کر کے باس کی متوقع ڈانٹ سے بچ سکوں۔ اسی اثناء میں چائے کا وقت ہو جاتا ہے اور میں بھی کچھ دیر سکون کے لیے چائے پینے لگتا ہوں، تو میں دیکھتا ہوں کہ میری پلیٹ میں ایک طرف کچھ بادام پڑے ہیں۔ میں ان کو حیران ہو کر دیکھتا ہوں کہ کس نے مجھے بھیج دئیے کیونکہ اور کسی کے پاس نہیں تھے۔ اس پہ چپڑاسی مجھے کہتا ہے کہ یہ باس نے میرے لئے بھیجے ہیں اور میں پھر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ کاروباری یا نوکری کے معاملات میں ترقی پہ دلیل کرتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے مزید آسانی حاصل ہو گی ۔ آپ لازمی نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور ممکن ہو سکے تو گھر میں پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں