شہر قائدمیں لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کررکھی ہے۔ بجلی بندش کے ستائے شہریوں نے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور ٹائر نذر آتش کیے، جس سے ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔
مواچھ گوٹھ حب ریور روڈ پر بجلی کے ستائے ہوئے علاقہ مکینوں نے احتجاج کر کے ٹریفک معطل کر دیا۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین کی جانب سے ٹائر نذر آتش کر کے متعلقہ حکام کے خلاف نعرے لگائے گئے جب کہ ٹریفک معطل ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بدھ کی شب تقریباً گیارہ بجے بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے مواچھ گوٹھ حب ریور روڈ اور ناردرن بائی پاس کے دونوں ٹریکس کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، جس کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور چھوٹی گاڑیوں کو پی ایس او پمپ سے 24 کی مارکیٹ کی جانب بھیج دیا جب کہ ہیوی ٹریفک کو لائن اپ کر دیا گیا۔
احتجاج کے دوران مشتعل افراد کی جانب سے ٹائر نذر آتش کیے گئے اور کے الیکٹرک حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے شدید گرمی میں بجلی کی بندش کا عملی طور پر کوئی نوٹس یا متعلقہ حکام کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی، صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلا کر اپنی جان چھڑائی جا رہی ہے ۔
احتجاج کے باعث حب ریور روڈ سمیت ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہونے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا۔