داسو حملے میں جاں بحق چینی شہریوں کے لواحقین کیلیے 71 کروڑ سے زائد معاوضے کا اعلان

ارشاد انصاری  جمعرات 23 مئ 2024
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

 اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ حادثے کا شکار ہونے والے چینی مزدورں کے لواحقین کی امداد کیلیے 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی رقم منظور کردی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے تقریباً 71 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

تفصیالت کے مطابق وزیرخزانہ کی زیر صدارت سی ای سی اجلاس میں داسو حملے میں جاں بحق مقامی افراد کے لواحقین کی زرتلافی کیلیے 25 لاکھ روپے کے امدادی پیکج کی منظوری دی گئی جبکہ وزارت آبی وسائل کو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے ستر ارب 48کروڑ40لالھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری سمیت اہم فیصلوں کیے گئے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت  اجلاس میں دس نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا، روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کو درپیش مالی مشکلات کے باعث حکومتی سپورٹ کی فراہمی کیلئے نیشنل بینک آف پاکستان میں موجود 80 لاکھ روپے استعمال کرنے کی منظوری دی، ایرا کیلئے ایک ارب دو کروڑ78 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو پاکستان اسٹیل ملز کے گیس کے بلز کی ادائیگی کیلئے دو ارب پندرہ کروڑ 95 لاکھ تیس ہزار روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں ای سی سی کے اجلاس میں وزارتِ داخلہ کے لئے چھ کروڑ چالیس لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی دو سمریوں، نیشنل ہیلتھ، ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن کے ادارے فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایمیونائزین کو بارہ ارب تین کروڑ اکسٹھ لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کیلئے دو ارب اکیس کروڑ ستر لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے جبکہ نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے اٹھارہ کروڑ 45لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزارت آبی وسائل کو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے ستر ارب 48کروڑ 40 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔