کے الیکٹرک کی جانب سے سرکاری اداروں پر اربوں روپے کی اوور بلنگ کا انکشاف
10 سال میں 20 ارب روپے کی اضافی بلنگ کی گئی، صوبائی وزیر ناصر شاہ
کے الیکٹرک کی جانب سے سرکاری اداروں پر اربوں روپے کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ انکشاف صوبائی وزہر توانائی ناصر حسین شاہ نے بدھ کو کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے سرکاری اداروں پر 10 سال میں 20 ارب روپے کی اضافی بلنگ کی۔
انہوں نے بتایا کہ رواں سال بھی آڈٹ کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے 2 ارب روپے سے زائد کی اوور بلنگ ثابت ہوئی ہے، اوور بلنگ سے بچاؤ کے لئے کے الیکٹرک کو اسمارٹ میٹر کے لئے اربوں روپے فراہم کیے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک نے تاحال سرکاری اداروں میں اسمارٹ میٹرز نصب نہیں کیے۔ سیپکو اور حیسکو نے اسمارت میٹر نصب کئے جس سے حکومت کو رئیل ٹائم ڈیٹا مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیٹا ملنے سے ادائیگیوں میں شفافیت آگئی ہے۔ کے الیکٹرک نے سندھ حکومت سے تاحال ایم او یوز نہیں کیے۔ سرکاری اداروں پر اتنی اوور بلنگ ہوئی تو شہریوں کی حالت کیا ہوگی۔
ناصر شاہ نے کہا اوور بلنگ سے شہریوں کو بچانے کے لئے حکومت ایک مشترکہ کمیٹی بنائے گی، حکومت سندھ کراچی والوں کو کے الیکٹرک کے ظلم کا شکار نہیں ہونے دے گی۔