ہمیں 5 سالہ مدت پوری کرنے دی گئی تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  بدھ 25 جون 2014
داسو منصوبہ ملکی ترقی کے عزم کا غماز ہے جو ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا، نوازشریف   فوٹو؛فائل

داسو منصوبہ ملکی ترقی کے عزم کا غماز ہے جو ملک میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا، نوازشریف فوٹو؛فائل

کوہستان: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ داسو پن بجلی منصوبہ ملکی ترقی کے عزم کا غماز ہے اگر ہمیں 5 سالہ مدت پوری کرنے دی گی تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

ضلع کوہستان میں داسو کے مقام پر 4 ہزار 320 میگاواٹ کے پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے آبی ذرائع مکمل طور پر بروئے کار لائے جائیں گے جب کہ داسو پن بجلی منصوبہ ملکی ترقی کے عزم کا غماز ہے جو ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا اور جلد ہی دیامر بھاشا ڈیم پر بھی کام شروع ہو جائے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ دریائے سندھ پر 40 ہزار میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے لگائے جا سکتے ہیں جب کہ اس وقت وہاں سے صرف 7 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

واضح  رہے کہ ضلع کوہستان میں داسو کے مقام پر پن بجلی کے اس منصوبے سے 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی اور منصوبہ 2 مراحل میں مکمل ہوگا، حکام کے مطابق پہلا مرحلہ 5 سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا جس سے قومی گرڈ میں 2 ہزار 160 میگاواٹ شامل ہوگی۔ دریا کے پانی کے بہاؤ سے چلنے والے اس منصوبے سے سستی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی جب کہ عالمی بینک بھی داسو منصوبے کے لئے ایک ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔