ورلڈ کپ 2015 کے لئے30 رکنی اسکواڈ کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 دسمبر 2014
 کامران اکمل، شعیب ملک، سعید اجمل اور جنید خان  بھی ابتدائی 30 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کامران اکمل، شعیب ملک، سعید اجمل اور جنید خان بھی ابتدائی 30 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جبکہ 4 مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والے عبدالرزاق ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ روز ورلڈ کپ 2015 کے لئے ابتدائی 30 کھلاڑیوں کی فہرست تیارکرکے چیئرمین پی سی بی کو پیش کی جسے شہریار خان نے آج منظور کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2015 کے لئے 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچ کھیلنے والے تمام کھلاڑی شامل ہیں۔ 30 رکنی کھلاڑیوں کی فہرست میں کامران اکمل، شعیب ملک، سعید اجمل اور جنید خان  بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ عبد الرحمان، اظہر علی، محمد طلحہ، فواد عالم، بابراعظم، عمران خان، احسان عادل اور محمد طلحہ کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے تاہم 4 مرتبہ ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے عبدالرزاق اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

ابتدائی کھلاڑیوں کی فہرست  ایک دو روز میں آئی سی سی کو بھیج دے جائے گی، آئی سی سی کو ابتدائی 30 کھلاڑیوں کی فہرست بھیجنے کی آخری تاریخ 8 دسمبر ہے جب کہ  پی سی بی  کی جانب سے ورلڈ کپ کے لئے حتمی 15 کھلاڑیوں کا اعلان بھی 7 جنوری تک کر دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔