وفاق نے سندھ پولیس کو جیو فینسنگ کی سہولت معطل کردی

ساجد رؤف  جمعـء 1 مئ 2015
جیو فینسنگ کی سہولت کسی فرد یا افراد کی موبائل فون سنگنلز کے ذریعے نشاندہی کی ٹیکنالوجی ہے جو ایک مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے کام کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

جیو فینسنگ کی سہولت کسی فرد یا افراد کی موبائل فون سنگنلز کے ذریعے نشاندہی کی ٹیکنالوجی ہے جو ایک مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے کام کرتی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی حکومت نے موبائل فون سنگنلز کے ذریعے دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کیلیے سندھ پولیس کو براہ راست فراہم کی جانے والی جیو فینسنگ کی سہولت اچانک معطل کردی ہے جس کے باعث صوبہ سندھ میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ سمیت حساس نوعیت کے جرائم کی وارداتوں کی تفتیش رکنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جیو فینسنگ کی سہولت کسی فرد یا افراد کی موبائل فون سنگنلز کے ذریعے نشاندہی کی ٹیکنالوجی ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے افسران کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ کی سہولت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے سندھ پولیس کو براہ راست فراہم کی جا رہی تھی تاہم 12 روز قبل یہ سہولت اچانک معطل کردی گئی جس کے باعث کراچی سمیت صوبے بھر میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور حساس نوعیت کے جرائم کی وارداتوں کی تفتیش رکنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور پولیس افسران میں تشویش پائی جاتی ہے، انھوں نے کہا کہ جیو فینسنگ کی سہولت سنگین نوعیت کے کیسز میں انتہائی موثر ثابت ہوتی ہے اور اس سہولت کے ذریعے سنگین نوعیت کے وارداتوں میں ملوث ملزمان تک با آسانی پہنچا جا سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ جیو فیسنگ کی سہولت دیگر صوبوں میں پولیس کو براہ راست فراہم کی جا رہی ہے تاہم سندھ پولیس کو یہ سہولت اچانک معطل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

پولیس افسران کا کہنا ہے کہنا ہے کہ ماضی میں شہر قائد میں ہونے والی ہائی پروفائل دہشت گردانہ کارروائیوں اور ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگ کے متعدد کیسز جیو فینسنگ کی سہولت کے ذریعے حل کیے گیے ہیں اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، رابطہ کرنے پر آئی جی سندھ غلام حیدری جمالی نے جیو فینسنگ کی سہولت معطل کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جیو فینسنگ کی سہولت معطل کیے جانے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے معلوم کیا جائے وہ بہتر بتا سکیں گے کہ سہولت کیوں معطل کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ جیو فینسنگ کی سہولت کسی فرد یا افراد کی موبائل فون سنگنلز کے ذریعے نشاندہی کی ٹیکنالوجی ہے جو ایک مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے کام کرتی ہے اس سافٹ ویئر کے ذریعے کسی مخصوص علاقے اور حدود میں کسی خاص وقت میں ہونے والی موبائل فون کمیونیکیشن یا اس حدود میں داخل اور باہر جانے والے افراد کی موبائل فون نیٹ ورک کی مکمل نشاندہی کی جاتی ہے یہ ٹیکنالوجی گلوبل پوزیشنگ سسٹم (جی پی ایس) کے ذریعے کام کرتی ہے اور فارنسک انویسٹی گیشن کے طریقوں میں اس ٹیکنالوجی کو بے حد معاون سمجھا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔