محکمہ آبپاشی نارا کینال پر توجہ نہیں دے رہا، جاوید جونیجو

ایکسپریس نیوز ڈیسک  جمعرات 24 جنوری 2013
فارمرز آرگنائزیشن کونسل سندھ کے چیئرمین جاوید جونیجو نے کہا کہ حکام نارا کینال جس کے 5چینلز کی 180شاخوں سے 37 لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوتی ہےکی جانب توجہ دینے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔ فوٹو: فائل

فارمرز آرگنائزیشن کونسل سندھ کے چیئرمین جاوید جونیجو نے کہا کہ حکام نارا کینال جس کے 5چینلز کی 180شاخوں سے 37 لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوتی ہےکی جانب توجہ دینے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔ فوٹو: فائل

میرپورخاص: فارمرز آرگنائزیشن کونسل سندھ کے چیئرمین جاوید جونیجو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی نے 5 شاخوں مٹھڑاو، جمڑاو، جمڑاو ایسٹ، کھپرو کینال اور تھر کینال میں سے صرف مٹھڑاو کینال پر بھل صفائی کا کام کیا۔

انھوں نے کہا کہ حکام نارا کینال جس کے 5چینلز کی 180شاخوں سے 37 لاکھ ایکڑ زمین سیراب ہوتی ہےکی جانب توجہ دینے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں،ورلڈ بینک کی ٹیموں کو حیدرآباد کا دورہ کروا کر واپس روانہ کردیا جاتا ہے جبکہ فیلڈ میںجانے کو کوئی تیار نہیں،افسران تسلی دیتے رہے کہ بھل صفائی کے لیے مشینیں آرہی ہیں لیکن اس پر عمل نہیں ہوسکا،انھوں نے صدر پاکستان آصف علی زرداری سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

6

دوسری طرف ڈائریکٹر نارا کینال ایریا واٹر بورڈ غلام مصطفی اجن نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز ناکافی ہیں اس کے باوجود محکمہ آبپاشی کا انجینیئرنگ ونگ ہیوی مشینری کے ذریعے مٹھڑاو کینال کے مختلف مقامات سمارجو برانچ، نبی سر برانچ، ٹنڈو مائنر، دلیری مائنر، پلی ڈسٹری، کھپرو کینال اور لوور جمڑاو کی 89 میل سے بھل صفائی میں مصروف ہے، جبکہ سانگرو شاخ، پران ڈسٹری، کوٹ غلام محمد کے قریب جمڑاو کینال، راہمور ڈسٹری، بسٹان ڈسٹری، چاہو مائنر، پوٹھو مائنر اور کھٹیان مائنر سمیت مختلف مقامات پر آبادگار اور زمیندار اپنی مدد آپ کے تحت بھل صفائی میں مصروف ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔