فیصل آباد میں واسا انتظامیہ کی بے حسی 3 زندگیاں نگل گئی

ویب ڈیسک  اتوار 24 ستمبر 2017

فیصل آباد: سدھو پورہ کے محلہ رشید آباد میں گٹرکی صفائی کرتے ہوئے تین افراد جان کی بازی ہارگئے۔

فیصل آباد میں سدھوپورہ کے محلہ رشید آباد میں ابلتے گٹروں سے تنگ شہریوں کوجب واسا حکام نے لفٹ نہ کروائی توانہوں نےنجی طور پر ایک شخص سے گٹرکی صفائی شروع کروادی۔ اشفاق نامی شخص جوں ہی گٹر میں اتراتوزہریلی گیس سے بے ہوش ہوگیا، پاس کھڑے اس کے تین ساتھیوں نے اسے بچانے کی کوشش کی توان کی حالت بھی غیرہوگئی، اشفاق موقع پرجاں بحق ہوگیا جب کہ 3 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دوران علاج اعجازاورشہزاد بھی دم توڑگئے جب کہ تیسرے شخص کی حالت تشویشناک ہے۔

ورثاء نے لاشیں سڑک پررکھ کرواسا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ واسا ملازمین تنخواہیں لینے کے باوجود علاقے میں صفائی کے لیے نہیں آتے۔ مظاہرین نے اعلیٰ  حکام سے غفلت  کے مرتکب ایم ڈی واسا اوردوسرے ملازمین کے خلاف کارروائی  کا مطالبہ بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔