اے اللہ حکمرانوں کو اسلام کا خادم بنادے، رائیونڈ اجتماع کا پہلا مرحلہ دعا کیساتھ ختم

طاغوتی طاقتوں کے آگے جھکتے رہے تو رسوا ہوجائیں گے، حاجی عبدالوہاب،500 جوڑوں کے اجتماعی نکاح، اگلا مرحلہ جمعرات کو شروع ہوگا فوٹو اے پی پی/فائل

طاغوتی طاقتوں کے آگے جھکتے رہے تو رسوا ہوجائیں گے، حاجی عبدالوہاب،500 جوڑوں کے اجتماعی نکاح، اگلا مرحلہ جمعرات کو شروع ہوگا فوٹو اے پی پی/فائل

رائے ونڈ: 63 ویں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ مولانا زبیر الحسن کی رقت آمیز دعا کے بعد ختم ہوگیا۔

انھوں نے دعا کیکہ یااللہ دین کی ہوائیں چلادے، اسلام پر چلنے والا بنا دے، آنحضورکے طریقے پر چلنے والا بنا دے، ہمارے ساتھ خیر والا امن والا معاملہ فرما، مسلم ملکوں کو امن کاگہوارہ بنادے، ہمارے ملک کو اسلامی ملک بنادے،ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے ہمارے سروں پر جو آفتوں کے پہاڑ ٹوٹے ہیں ان کو اپنی رحمت سے ٹال دے، ہمارے حکمرانوں کو بھی دین کی خدمت کرنے والا بنادے۔ اس موقع پر7لاکھ سے زائد شرکاکی ہچکیاں بندھ گئیں۔ قبل ازیں اپنے مختصر بیان میں انھوں نے کہا کہ انسان کی کامیابی اﷲرب العزت کی فرماںبرداری سے مشروط ہے، زندگی برف کی مانند پگھل رہی ہے، اس کے ختم ہونے سے قبل آخرت کی تیاری کرلیں۔

امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب نے کہا کہ لوگو صرف اﷲ کے سامنے اپنے آپ کو جھکنے والا بنا لواور اس کے نبی کے طریقے کو اپنا لو، کامیابی تمہارا مقدر ٹھہرے گی اور اگر تم نے انحراف کیا اورطاغوتی طاقتوں کے آگے جھکتے رہے تو ذلت تمہارا مقدر ٹھہرے گی۔ اختتامی روز500کے قریب جوڑوں کے اجتماعی نکاح پڑھائے گئے، لاکھوں افراد نے اپنا وقت دین اسلام کیلیے وقف کرنے کا اعلان کیا، بعدازاں ہزاروں جماعتیں تبلیغ کیلیے دنیا بھر میں پھیل گئیں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، گاڑیوں کو پنڈال سے 2 کلومیٹر دور ہی روک دیا گیا، اور اجتماع گاہ کی طرف سے نکلنے والے تمام راستوں کو ٹریفک کیلیے یکطرفہ کر دیا گیا جس کی وجہ سے بدنظمی پیدا نہیں ہوئی، اجتماع کا دوسرا مرحلہ جمعرات کوشروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔