دیامربھاشا ڈیم ہرقیمت پربنائیں گے، دنیامدد کرے، احسن اقبال

اے پی پی  بدھ 6 نومبر 2013
وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شمار ہورہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شمار ہورہا ہے۔ فوٹو: اے پی پی

واشنگٹن:  وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کی ترقی کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

حکومت اربوں ڈالر کے اس منصوبے کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ ساتھ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ واشنگٹن میں بین الاقوامی فوڈ پالیسی ریسرچ کے ماہرین کے سامنے وژن 2025 اور پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے عالمی برادری اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے اپیل کی کہ توانائی اور آبی ذخیرے کے اس منصوبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں جو علاقائی اعتبار سے تمام صوبوں میں قومی مفاہمت کا حامل منصوبہ ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر نے پریزینٹیشن پیش کرتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ امریکی کانگرس پہلے ہی فنانشل سپورٹ کی توثیق کرچکی ہے اور توقع ظاہر کی کہ بین الاقوامی شراکت داروںکا کنسورشیم اس سلسلہ میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا، یہ منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وہ عالمی بینک سے بھی اپیل کریں گے کہ اس منصوبے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کریں، دوسری جانب ہماری حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی بات چیت کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں امریکی شہر سانگجوس میں پاکستانی سرمایہ کاروں، آئی ٹی پروفیشنلز اور سلیکان ویلی کے ماہرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقیات نے کہاکہ حکومت آئی ٹی کے شعبے کی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے 2025 تک ملک کو منی اطلاعاتی سپر پاور میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس پر آئندہ 10 برسوں میں 20 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے، وژن 2025 کا طویل مدتی منصوبہ معاشی علوم کی ترقی کو فروغ دے گا تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی معیشت کو مسابقت حاصل ہوسکے، حکومت اجتماعی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، نجی و سرکاری شعبے اور ماہرین تعلیم و بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ یہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کا تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شمار ہورہا ہے، ستمبر 2013 میں براڈ بینڈ کے صارفین کی تعداد 28 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، وائی میکس سروس کے آغاز کے ذریعے پاکستان خطے میں سبقت لے گیا ہے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ملکی طور پر ٹیلی مواصلاتی آلات سازی کی حوصلہ افزائی اور سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع پیداکررہی ہے اور ای گورننس پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے سلیکان ویلی اور آئی ٹی کمپنیوں کے وفود کو پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔