فوجی آپریشن، حکمران قوم کو کھائی میں گرانے جا رہے ہیں، شیخ رشید

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2014
نوازشریف کو سمجھ دیر سے آتی ہے، فوج مشرف کیساتھ کھڑی ہے، تکرار میں عمران خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

نوازشریف کو سمجھ دیر سے آتی ہے، فوج مشرف کیساتھ کھڑی ہے، تکرار میں عمران خان سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو راستے کا علم ہی نہیں ہے، یہ قوم کو دلدل اور کھائی میں گرانے جا رہے ہیں۔

اے پی سی میں مذاکرات پر اتفاق ہوا لیکن ایسا کیا ہوا کہ ایکدم سے آپریشن کی طرف جانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ جو رات قبر میں ہے وہ باہر نہیںہے، جب موت کا وقت آنا ہے تو کوئی سیکیورٹی کام نہیں آنی۔ میرا نہیں خیال کہ پیر کے روز نواز شریف قوم کو اعتماد میں لیں گے، ان کے پاس قوم کو بتانے کیلئے کچھ ہے ہی نہیں بس ایسے ہی قوم کو گولی کرا رہے ہیں۔ اسمبلی کو اعتماد میں نہ لیکر حکومت جو کچھ کرنے جا رہی ہے بہت جلد  حکومت کو بھگتنا پڑ جائے گا۔ مولانا سمیع الحق اس عمر میں جھوٹ نہیں بول رہے، حکومت ہی ہے جو جھوٹ بول رہی ہے۔ اے پی سی کے بعد انہوں نے مذکرات شروع ہی نہیں کئے، یہ سب کو دھوبی پٹکا مار رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ان کی مذاکرات کی نیت ہی نہیں تھی۔ نوازشریف نے اے پی سی کے بعد کوتاہی برتی ہے، مذاکرات کیلئے کوشش نہیں کی۔ قوم تھک چکی ہے، جس کے پاس بجلی گیس روزگار نہیں ہے اس کو بم مل رہے ہیں۔ لاہوری گروپ اس ملک پر قبضہ کر رہا ہے۔ امریکا یقینی طور پر نہیں جا رہا اور اگر امریکہ نہیں جاتا تو خیبرپختونخوا کی حکومت سینڈوچ بن جائے گی۔

 photo 3_zpscecdcb34.jpg

طالبان کی طرف سے میڈیا کیلئے فتویٰ پڑھ کر میں حیران ہوا ہوں، انہوں نے بڑی محنت کی ہے۔ میڈیا کا مشن مقدس ہے گو سچ کا زمانہ نہیں لیکن سچ ہی بولنا چاہئے۔ اگر انسان کا ضمیر زندہ ہوتو سچ کا اپنا ہی مزہ ہے۔ اگر انسان سچ کے ساتھ مر جائے تو اس میں عظمت ہے اور اگر جھوٹ کے ساتھ زندہ رہے تو اس میں ذلالت ہے۔ نواز شریف کو سمجھ دیر سے آتی ہے لیکن مشرف کے معاملے پر مجھے خوشی ہے کہ ان کو جلد سمجھ آگئی ہے۔ بیچ کی راہ کیلئے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ اس ملک کا اصل مسئلہ مشرف کا کیس نہیں ہے۔ اس ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی، غربت، بیروزگاری اور دہشتگردی ہے۔ نوازشریف مشرف کے معاملے میں خواہ مخواہ اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ فوج مشرف کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک کی شکل بگڑ گئی ہے، کوئی سندھ فیسٹیول تو کوئی پنجاب فیسٹیول کے اشتہار چلا رہا ہے۔ پاک فوج ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، پاک فوج ملک کی آخری آس ہے، ہر پاکستانی پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے، اگر آپریشن لمبا ہوتا ہے تواس میں پاک فوج کا نقصان ہے، اس میں ہمارا نقصان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔