کالعدم ٹی ایل پی کا مارچ و متوقع احتجاج، اسلام آباد جانے والے راستے سیل

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 اکتوبر 2021
شمس آباد اور فیض آباد سے اسلام آباد کو ملانے والا راستہ بھاری کنٹینرز کھڑے کرکے مکمل سیل کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

شمس آباد اور فیض آباد سے اسلام آباد کو ملانے والا راستہ بھاری کنٹینرز کھڑے کرکے مکمل سیل کردیا گیا۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: کالعدم جماعت ٹی ایل پی کے لاہور سے اسلام آباد مارچ و متوقع احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی میں سیکورٹی ہائی الرٹ اور مری روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے جمعے کی نماز کے بعد لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دیئے جانے کے بعد سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، اور اسلام آباد جانے والے راستوں کو کینٹینرز اور خاردار تاروں کے ذریعے سیل کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں مریڑھ چوک سے لے کر فیض آباد انٹرچینج اور مری روڈ کو اندرون شہر محلقہ شاہراوں سے ملانے والی لنک روڈز کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیاگیا ہے، جب کہ شمس آباد اور فیض آباد سے اسلام آباد کو ملانے والا راستہ بھاری کنٹینرز کھڑے کرکے مکمل سیل ہے۔

جگہ جگہ رکاوٹوں کے باعث اسکول، کالج اور دفاتر جانے والے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اسی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے اہم چوراہوں و میٹرو اسٹیشن پر قانون نافذ کرنے والے اداروں و پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق متبادل کے طور پرپارک روڈ ، ترامڑی چوک اور لہترار روڈ کو اسلام آباد ہائی وے تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سری نگر ہائی وے ، نائنتھ ایونیو اور آئی جےپی روڈ کو راولپنڈی پہنچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق میٹرو بس سروس آئی جے پی روڈ سے پاک سیکریٹریٹ تک آپریشنل رہے گی۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ہائی کورٹ چوک، کچہری اور مال روڈ پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ تاہم شہری پریشانی سے بچنے کے لیے اسلام آباد کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔