کراچی میں فائرنگ،خاتون ہلاک،ڈاکٹرسلیم حیدر سمیت11زخمی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 اپريل 2014
اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ رضا خان زخمی ہوگیا۔
فوٹو: فائل

اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ رضا خان زخمی ہوگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون ہلاک اورڈاکٹر سلیم  حیدر سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق جمشید کوارٹرز جہانگیر روڈ نمبر 2 کے علاقے میں ایک گھر میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 40 سالہ سلمیٰ  ہلاک اور42 سالہ ساجد زخمی ہو گئے، پولیس کے مطابق مکان میں یاسربنگش نامی شخص داخل ہوا اوراپنے ماموں سے جھگڑا کرنا شروع کردیا اس دوران تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے دوران یاسر نے پستول نکال کرفائرنگ کردی جس کے نتیجے 2 گولیاں لگنے سے اسکی ممانی جاں بحق جبکہ ملزم کا چھوٹا ماموں زخمی ہوگیا،ملزم فرارہوگیا، ایس ایچ اوسہیل احمد کے مطابق ملزم یاسر بنگش کی والدہ کا اپنے بھائیوں کے ساتھ جائیداد سمیت دیگر امور پر تنازع تھا، علاوہ ازیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے لیاقت آباد نمبر2 نورانی مسجد کے پاس دکان پر 25 سالہ فرحان،بلدیہ نمبر9میں 26 سالہ آصف زمان ، لیاری چاکیواڑہ نمبر2بلوچ چوک کے قریب 25 سالہ محمد سرفراز، شاہراہ فیصل نرسری اسٹاپ کے قریب 60سالہ شکیل انور میمن جبکہ بغدادی میں یوسفی مسجد کے قریب 19سالہ عبدالباسط زخمی ہوگیا۔

جبکہ مچھر کالونی بنگالی پاڑہ سراجی چوک کے قریب جھگڑے کے دوران چھری کے وارسے 22 سالہ اسماعیل اور اس کا بھائی20سالہ ابراہیم زخمی ہو گئے۔علاوہ ازیں گلستان جوہر کے علاقے جوہر موڑ پر نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی جس سے مہاجر اتحاد تحریک کے بانی ڈاکٹرسلیم حیدر زخمی ہوگئے ، ایس پی شارع فیصل علی آصف کے مطابق سلیم حیدر کو ایک گولی بازو میں اور دوسری پیٹ میں لگی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ، ایس ایچ او شارع فیصل اسلم پرویز نے بتایا کہ عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کیے جارہے ہیں ، مضروب گلستان جوہر کا ہی رہائشی ہے ، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ رضا خان زخمی ہوگیا۔دریں اثنا فائرنگ سے نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے گودھرا میں سنی تحریک کا کا کارکن 30 سالہ توفیق عرف جبار ولد اسماعیل، قائد آباد کے علاقے لالا آباد میں ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔علاوہ ازیں ناظم آباد دو نمبر پر انڈر پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 سالہ سید محمد نقوی ولد سید سجاد نقوی پیٹ میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے، ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔