گاڑیاں چھیننے والے 7 افراد گرفتار، 5 موٹر سائیکلیں برآمد ، آپریشن میں 100 ملزم پکڑے گئے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 25 اپريل 2014
عزیز آباد کے بھنگوریہ گوٹھ سے 6 منشیات فروش اورشہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان گرفتار،زیورات برآمد۔
فوٹو: فائل

عزیز آباد کے بھنگوریہ گوٹھ سے 6 منشیات فروش اورشہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان گرفتار،زیورات برآمد۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے اور پولیس مقابلے کے بعد پولیس اہلکاروں کے قتل اور موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث 2 زخمیوں سمیت107 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا اور نیو کراچی تھانے کی پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران گزشتہ 3 دنوں کے دوران خمیسو گوٹھ اور اس کے اطراف میں کارروائیاں کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث 7 ملزمان اشتیاق ، مقیم ، حمید ، وحید  ولایت اور عبداﷲ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چھینی گئی5موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ، سعودآباد پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ملیر ایس ون ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 2 ملزمان وقاص اور سرفراز کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک پستول ، ایک موٹر سائیکل ، لوٹے ہوئے طلائی زیورات اور نقدی برآمد کرلی۔

پولیس نے زخمی ملزمان کو پولیس کی حراست میں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا ، اتحاد ٹائون پولیس نے گلشن غازی میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزم اسد اﷲ کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے اپنے 2 ساتھیوں عبداﷲ اور نثار کے ساتھ جولائی 2013 میں حب ریور روڈ پر واقع سوات ہوٹل کے قریب فائرنگ کرکے پولیس اہلکار شیر حیدر اور عرفان بشیر کو قتل کیا تھا ، ملزم کے دیگر 2 ساتھی پہلے ہی پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے جا چکے ہیں ،گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

رضویہ پولیس نے ناظم آباد بڑا بورڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ملزم عمران عرف افی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کر لی،ایس ایچ او رضویہ مظہر اقبال نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش پاک کالونی میں رکشا جلانے کا اعتراف کیا ہے ،عزیز آباد پولیس نے بھنگوریہ گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے 6 منشیات فروشوں ، محمد سلیم ، فیروز ، شبیر ، صادق ، محمد ہارون اور دیگر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی ہیروئن کی100 پڑیاں اور بھاری مقدار میں چرس آمد کرلی ، پولیس کے مطابق ملزمان کے خلا ف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، کراچی پولیس 85ملزمان کو گرفتار کیا ، ملزمان کے قبضے سے 25پستول و ریوالور ، 2دستی بم ، اور منشیات برآمد کر لی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔