حکومت کے پاس بجلی بنانے کے پیسے نہیں، احسن اقبال

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 19 جون 2014
ایک 2 سال میں قابو نہیں پاسکتے، منصوبوں میں 7 سال لگیں گے، احسن اقبال  فوٹو: فائل

ایک 2 سال میں قابو نہیں پاسکتے، منصوبوں میں 7 سال لگیں گے، احسن اقبال فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے بد ترین بحران سے دوچار ہے، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے تک بڑھ چکا ہے ہر شعبہ زندگی کے لوگ شدید متاثر ہیں، حکومت کے پاس مہنگا تیل خرید کر بجلی بنانے کیلیے وافر پیسے نہیں ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پاکستان کے پائیدار توانائی مستقبل کیلیے پون بجلی کے فروغ کے حوالے سے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی کا بحران ایک یا دو سال میں حل نہیں ہو سکتا۔ اس وقت ستر فیصد بجلی فرنس آئل سے پیدا کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اتنی وافر رقم نہیں ہے کہ مہنگا تیل خرید کر بجلی پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سات سالوں کیلیے 22 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبے تیار کیے ہیں جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی کے حوالے سے نئی پالیسی تیار کی جا رہی ہے جس میں فرنس آئل کے بجائے مختلف ذرائع پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے کول پاور پلانٹ کے لیے بھی جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ماحولیات کے حوالے سے عالمی برادری کے تحفظات دور ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں انرجی بحران پر قابو پانے کے سلسلے میںکافی بہتری آئی۔

پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا بڑا ملک ہے اس لیے ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایسے مسائل نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ غلطیاں ہم نہیں دہرائیں گے جو ماضی کی حکومتوں نے دہرائی ہیں بلکہ ہم نے ایسی منصوبہ بندی کرنی ہے، اگر کوئی حکومت رہے یا نہ رہے لیکن اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور امن کے قیام کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، جب تک ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی اس وقت تک ملک میں پائیدار ترقی کا حصول ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری رویے اب ختم ہونے چاہئیں اور پاکستان کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014-15 کے ترقیاتی بجٹ میں دوسو ارب روپے پاور سیکٹر کے لیے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان ممالک کے تجربے سے سیکھیں گے جنہوں نے ماحولیاتی ترقی کی وجہ سے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔