(پاکستان ایک نظر میں) - منتخب وزیراعظم کیوں استعفٰی دیں؟

عاقب علی  منگل 5 اگست 2014
الطاف حسین صاحب کو عمران خان اور طاہر القادری سے کہنا چاہیے تھا جمہوری نظام کو چلنے دیا جائے، منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج کر جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کی جاسکتی۔ فوٹو فائل

الطاف حسین صاحب کو عمران خان اور طاہر القادری سے کہنا چاہیے تھا جمہوری نظام کو چلنے دیا جائے، منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج کر جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کی جاسکتی۔ فوٹو فائل

آپ پاکستانی ہیں، تو آپ باآسانی پیپلزپارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی ، تحریک انصاف ، متحدہ قومی موومنٹ ،جماعت اسلامی اور حکمران مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتوں سے جمہوریت سے متعلق سوال کرسکتے ہیں۔ یہ تمام جماعتیں تمام نظریاتی وسیاسی اختلافات کے باوجود جمہوری نظام پر متفق ہیں۔کوئی بھی جماعت 67برس کی ملکی تاریخ کے بعد اب آمریت کی گود میں بیٹھنے کو تیار نہیں۔

جوں جوں 14اگست قریب آرہی ہے سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھ رہا ہے۔ تحریک انصاف نے اراکین اسمبلی سے استعفوں کی داغ بیل ڈال کر اور عوامی تحریک نے ق لیگ ، شیخ رشید و دیگر کو ساتھ ملا کر سیاسی پتے کھیلنا شروع کردئیے ہیں۔ملک میں ایک طرف آپریشن چل رہا ہے جس میں 20لاکھ سے زائد عوام کی دیکھ بھال کی اضافی ذمہ داری حکومت پر آن پڑی ہے۔ اوپر سے سیاسی گرما گرمی ۔ایسے میں پہلے متحدہ قومی موومنٹ کا وفد طاہر القادری سے مل کر قائد تحریک الطاف حسین کا پیغام پہنچاتا اور تعاون کا یقین دلاتا ہے۔اس کے اگلے ہی دن الطاف حسین صاحب اپنے ہنگامی بیان میں منتخب وزیر اعظم نواز شریف سے کہتے ہیں کہ وہ ’’ ہر چھوٹی بڑی محاذ آرائی جس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہو اس سے ہر ممکن اجتناب کریں، نواز شریف آگے بڑھ کر کسی اور کو وزیر اعظم بنادیں‘‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ پاکستان کی تاریخ میں آج تک کسی بھی جمہوری حکومت نے لوکل باڈیز الیکشن نہیں کرائے جبکہ چند فریق جمہوریت کے نام نہاد چمپئن بن کر دوسروں پر طعنہ زن ہیں‘‘۔

الطاف حسین جنہیں اپنی جماعت کے اندر سیاسی قائد ہی نہیں بلکہ مدبر ، رہبر اور ٹیچر کا درجہ بھی حاصل ہے۔ ان کے بیان کے دوسرے حصے کو ہر جمہوریت پسند درست قرار دیگا ، مگر سمجھ نہیں آیاکہ ایک منتخب وزیر اعظم کو وزارت عظمیٰ چھوڑنے کا مشورہ دے کر کون سی جمہوریت کی خدمت کی جارہی ہے۔ مان لیتے ہیں کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے،کئی جماعتوں کے اہم رہنما شکست کھا گئے ہیں جس پر واویلا ہورہا ہے۔ 1970 ء کے سوا کونسا الیکشن ہے جس میں دھاندلی کا سب ہی جماعتیں اقرار نہیں کرتیں، جو ایک الیکشن شفاف ہوا ، اس کے بعد ملک بھی دو لخت ہوگیا۔  اس حقیقت سے تو کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا کہ انتخابی نظام میں خامیاں تو ہیں،انہیں دور کرنے کیلئے بہرحال قانون سازی و اصلاح ہی کا راستہ ہی اختیار کرنا پڑیگا۔صورتحال جو بھی ہو، اس سب کے باوجود تمام ہی جماعتیں کہتی ہیں کہ ملکی کی خیر خواہی جمہوریت ہی سے وابستہ ہے۔نظام کو چلتے رہنے دینے سے ہی سے بہتری کی امیدیں ہیں۔ ورنہ’’ فرشتوں کا عذاب ، سیاسی گنہگاروں پر ہی نہیں عوام پر بھی گریگا‘‘۔

الطاف حسین جیسے سیاسی مدبر سے مجھے بہرحال ایسے ’’ ہنگامی بیان ‘‘ کی ہر گز توقع نہیں تھی۔انہیں چاہیے تھا کہ وہ طاہر القادری کی طرف بھیجے گئے وفد اور میڈیا کے ذریعے یہ تاثر دے سکتے تھے کہ ’’ جمہوری نظام کو چلنے دیا جائے، منتخب وزیر اعظم کو پانچ برس پورے کرنا چاہیے، منتخب نمائندوں کو گھر بھیج کر جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کی جاسکتی، عمران خان اور طاہر القادری میری ( الطاف حسین کی) طرح جمہوری و تحریکی جدوجہد کے ذریعے انقلاب یا سونامی جو کچھ بھی لانا چاہتے ہیں لے آئیں اس سے اچھی بات اور راستہ کوئی نہیں‘‘۔ان کے ایسے بیانات کا ہر جمہوریت پسند خیر مقدم کرتا۔

الطاف حسین سے ہم اب بھی یہ توقع تو رکھ سکتے ہیں کہ وہ گزشتہ 12برس سے ملک میں قائم جمہوری نظام کو مزید مضبوط کرنے میں اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔ کیونکہ عمران خان اور طاہر القادری کے مطالبات کتنے ہی مبنی برحق ہوں ،مگر ان کا حل نظام کو گرا کر تو ہر گز نہیں نکلتا۔نظام کی مضبوطی سے سب ہی یہ امید رکھ سکتے ہیں کہ دیر آید درست آید کی مصداق تمام ہی مسائل اور معاملات خوش اسلوبی سے حل ضرور ہوجائینگے ۔ پانی رواں رہے تو پیاس بجھاتا ہے ورنہ مچھر، مکھیاں، دلدل ، کائی اور بدبو اردگرد کا مقدر بن جاتی ہے۔ بات تو یہی ہے کاش ہم سب کی سمجھ میں آجائے۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس  اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔