وزیر اعظم آخری آپشن کے طور پر خود عمران خان سے ملنے جائیں گے

عامر خان  بدھ 20 اگست 2014
اگر طاقت کا آپشن استعمال کیا گیا تو پھر حالات انتہائی گھمبیر ہوسکتے ہیں اور صورت حال کنٹرول سے باہر ہوسکتی ہے. فوٹو: فائل

اگر طاقت کا آپشن استعمال کیا گیا تو پھر حالات انتہائی گھمبیر ہوسکتے ہیں اور صورت حال کنٹرول سے باہر ہوسکتی ہے. فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے آزادی اورانقلاب مارچ کے شرکا کی جانب سے ریڈ زون کی جانب پیشقدمی کے بعد مکمل طور پر کول ڈاؤن سیاسی پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس پالیسی پرعمل کرتے ہوئے یہ طے کیا گیا ہے کہ مارچ کے شرکا کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پرامن دھرنے کی اجازت ہوگی۔

پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ، وزیراعظم ہاؤس، ڈپلومیٹک انکلوژر یا حساس تنصیبات کی جانب اگرمارچ کے شرکا نے جانے کی کوشش کی توآخری آپشن کے طور پرسیکیورٹی فورسزطاقت کا استعمال کریں گی، حکومت کی جانب سے اس معاملے کا پرامن حل نکالنے کے لیے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اوراس عمل کے لیے چوہدری نثار اور اسحاق ڈار کے پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی (ایف ) سمیت مختلف پارلیمانی جماعتوں سے طویل رابطے ہوئے ہیں اور یہ طے کیا گیا ہے کہ حکومت کسی بھی صورت میں طاقت کاآپشن استعمال نہیں کرے گی اوراس معاملے کومذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزرا سے تفصیلی مشاورت کی گئی،جس کے بعد یہ طے کیا گیا کہ آئندہ 24گھنٹے میں پہلے مرحلے میں مذاکراتی کمیٹوں، دوسرے مرحلے میں تمام پارلیمانی جماعتوں پرمشتمل ایک وفد اورآخری آپشن کے طور پر وزیراعظم خود عمران خان اور طاہرالقادری سے ملاقات کے لیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مسلسل اہم حلقوں اورسیاسی قائدین سے رابطوں میں ہیں اور متفقہ طور پر مشاورت میں یہ رائے سامنے آئی ہے کہ اس معاملے کو ڈائیلاگ پالیسی کے تحت حل کیاجائے، اگر طاقت کا آپشن استعمال کیا گیا تو پھر حالات انتہائی گھمبیر ہوسکتے ہیں اور صورت حال کنٹرول سے باہر ہوسکتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے الطاف حسین سے درخواست کی ہے کہ وہ طاہرالقادری سے بات کریں اور انھیں مذاکرات کی میز پر لے کر آئیں، سراج الحق سے بھی رابطہ کرکے ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اس معاملے کوحل کرانے میں اپنامکمل کرداراداکریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔