پولیس میں کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، آئی جی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 21 اگست 2014
ہیلپ لائن 1132 پر کال کرکے گاڑیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔  فوٹو: فائل

ہیلپ لائن 1132 پر کال کرکے گاڑیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اینٹی کارلفٹنگ سیل کے 2 پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے واقعے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی اینٹی کارلفٹنگ سیل نعمان صدیق کو اپنے دفتر طلب کیا اور اے سی ایل سی کی مجموعی کارکردگی کاجائزہ لیا۔

انھوں نے تھانہ بلوچ کالونی کی کارروائی میں زیرحراست پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی،ان کا کہنا تھا کہ پولیس میں کالی بھیڑوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام پولیس رینج کے ڈی آئی جیز اور اسپشلائزڈیونٹس کے ایس ایس پیز ایسے عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنائیں، انھوں نے ایس ایس پی اے سی ایل سی کو ہدایات دیں کہ اینٹی کارلفٹنگ سیل کی ہیلپ لائن 1132 کو فعال کیا جائے جبکہ گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کے واقعات کی روک تھام اور برآمدگی کے لیے نہ صرف ضلعی بلکہ دیگر صوبوں کی پولیس سے بھی رابطوں کو یقینی بنایا جائے ۔

اس موقع پر ایس ایس پی اے سی ایل سی نعمان صدیقی نے بتایا کہ ہیلپ لائن 1132 پر گاڑیوں کا کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا ترتیب دیا گی اہے جس کے تحت شہریوں کوفقط ایک کال پرگاڑی سے متعلق ضروری معلومات فراہم کی جارہی ہیں تاکہ شہری باقاعدہ تصدیق کے بعدگاڑی کی خریدو فروخت کرسکیں جبکہ 1132 پر چوری و چھینی گئی گاڑیوں سے متعلق بھی جملہ تفصیلات لمحہ بہ لمحہ محفوظ کی جا رہی ہیں، انھوں نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چوکیوں کو مزید فعال کیا جا رہا ہے جس کے تحت پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ چوکیوں پر کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس سسٹم کے علاوہ وائر لیس بیس کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔