حب میں 660 میگا واٹ کاکول پاور پلانٹ تعمیر کرنے کا اعلان

بزنس رپورٹر  جمعـء 29 اگست 2014
نیا بجلی گھر چینی کمپنیوں کے تعاون سے تعمیر ہوگا جس پر ایک ارب ڈالر کے قریب لاگت آئے گی،سی ای اوحبکو فوٹو: فائل

نیا بجلی گھر چینی کمپنیوں کے تعاون سے تعمیر ہوگا جس پر ایک ارب ڈالر کے قریب لاگت آئے گی،سی ای اوحبکو فوٹو: فائل

کراچی: حب پاور کمپنی (حبکو) نے حکومت کی جانب سے بجلی گھروں کو کوئلے پر منتقل کیے جانے کی پالیسی واضح نہ ہونے کے بعد 660میگاواٹ کے نئے کول پاور پلانٹ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

حب پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو خالد منصورنے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگومیں بتایا کہ تیل پر چلنے والے موجودہ بجلی گھروں کو کوئلے پر منتقل کرنے کے حوالے سے تاحال پالیسی واضح نہ ہونے کے بعد حبکونے اپنے 1292 میگاواٹ کے موجودہ بجلی گھر کے چاروں بوائلرز کی اوور ہالنگ کا فیصلہ کیا جس پر مجموعی طور پر4 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی، اب تک بوائلر نمبر 1 اور 4 کی اوور ہالنگ کی جاچکی ہے جبکہ بوائلر نمبر 3کی اوور ہالنگ نومبر اور بوائلر نمبر 2 کی فروری 2015میں کی جائیگی۔

انھوں نے بتایا کہ 660 میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر حب میں واقع موجودہ پاور پلانٹ کے پاس ہی لگایا جائے گا، حبکو کے پاس یہاں 1500 ایکٹر زمین موجود ہے جس میں سے صرف100ایکڑ زمین ہی مصرف میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کول پار پلانٹ چینی کمپنیوں کے تعاون سے تعمیر کیا جائیگا جس پر ایک اندازے کے مطابق 1ارب ڈالر سے کچھ کم کی لاگت آئے گی،منصوبے کا فنانشل کلوز آئند برس  کے اختتام تک متوقع ہے، ابتدائی طور پر پلانٹ میں درآمدی کوئلہ استعمال کیا جائیگا، تھر سے کوئلہ نکلنے کے بعدمقامی کوئلہ استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں پر تشویش ظاہر کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔