2019 کا ورلڈ کپ بھی کھیلنے کی خواہش ہے،شعیب ملک

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 26 اکتوبر 2014
خواہش ہے کہ2019کا میگا ایونٹ بھی کھیلوں، شعیب ملک۔ فوٹو: پی سی بی/فائل

خواہش ہے کہ2019کا میگا ایونٹ بھی کھیلوں، شعیب ملک۔ فوٹو: پی سی بی/فائل

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 تک کھیلنے کی خواہش ہے۔

خود غرض نہیں ہوں، مکمل طور پر فٹ نہیں ہوا تو قومی ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا،2007 میں کپتان بن کرغلطی کی، انھوں نے ان خیالات کا اظہارہفتے کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگومیں کیا، شعیب ملک نے کہاکہ آسٹریلیا کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں نوجوان بولرز نے بہترین پرفارمنس سے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا، خوشی ہے کہ وہ امیدوں پر پورا اترے، انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کر رہا اور مکمل فارم میں ہوں، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا مقصد فارم کا ثبوت پیش کرنا ہے، قائد اعظم ٹرافی میں رنزبنانے کے ساتھ وکٹیں بھی حاصل کررہا ہوں۔

خواہش ہے کہ2019کا میگا ایونٹ بھی کھیلوں تاہم اگر فٹنس نے اجازت نہ دی تو نوجوان کھلاڑیوں کی راہ میں حائل نہیں ہوں گا، انھوں نے کہا کہ 2007میں مجھے قومی ٹیم کی قیادت سونپی جاری تھی تو انکار کر دینا چاہیے تھا، مجھے ایسا لگاتھا کہ بعض سینئرکھلاڑی اس فیصلے سے خوش نہیں تھے، انھوں نے کہاکہ مجھے ایسے وقت میں کپتانی سے ہٹایا گیا جب میں ایک نئی اور مکمل ٹیم بنانے کے لیے تیار ہو چکا تھا، قیادت سے اس انداز میں الگ کرنے کی ایسی روایت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے،ایک سوال پرشعیب ملک نے کہا کہ قومی ٹیم میں میرا بیٹنگ نمبر کبھی مستقل نہیں رہا ،اب بھی ٹیم میںشامل ہونے سے قبل اپنے تحفظات دور کروں گا تاکہ میری پرفارمنس پہلے سے بہتر ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔