انٹرنیٹ پر اشتہار دیکھ کر ڈکیتیاں کرنیوالا گروہ گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 30 جنوری 2015
 ڈکیت گروہ کے سرغنہ کا کہنا ہے کہ وہ بلال کالونی کا رہائشی ہے اور اس نے ہی انٹر نیٹ ویب سائٹ او ایل ایکس پر مکانوں کی فروخت کے اشتہار دیکھ کر منصوبہ بنایا تھا، پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس

ڈکیت گروہ کے سرغنہ کا کہنا ہے کہ وہ بلال کالونی کا رہائشی ہے اور اس نے ہی انٹر نیٹ ویب سائٹ او ایل ایکس پر مکانوں کی فروخت کے اشتہار دیکھ کر منصوبہ بنایا تھا، پولیس۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پولیس نے انٹرنیٹ ویب سائٹ پر مکان کی فروخت کے لیے دیے جانے والے اشتہارات دیکھ کر گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کرلی۔

گروہ میں شامل ملزمہ پہلے ہی ڈکیتی کی واردات میں رنگے ہاتھوں گرفتار ہوچکی تھی، یہ بات ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون ذوالفقار مہر نے پریس کانفرنس میں بتائی، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان ریحان ولد محمد سلیمان اور محمد امجد عرف اسماعیل ولد محمد سعید کو مبینہ ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے جھنگوی روڈ سے گرفتار کیا ہے، گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ ویب سائٹ او ایل ایکس (OLX) پر شہریوں کی جانب سے مکانوں کی فروخت کے لیے دیے جانے والے اشتہارات دیکھ کر گھروں میں خریدار بن کرداخل ہوتے اور لوٹ مارشروع کردیتے، گروہ میں ایک خاتون کو بھی شامل کیا تھا۔

گرفتار ملزمان اب تک ایسی 3 ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کرچکے ہیں، ڈی آئی جی ایسٹ نے پولیس پارٹی کے لیے نقد انعامی رقم اور اسناد کا اعلان کیا ہے، ایس ایس پی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ اپنا مکان یا گھرکا قیمتی سامان فروخت کرنا چاہتے تو انٹرنیٹ پر خریداروں کیلیے ایسے وقت کا تعین لازمی کیا کریں جب گھر میں تمام مرد موجود ہوں، مقدمے کے تفتیشی افسر غلام حسین موروجو نے بتایا کہ10دسمبر 2014 کو مبینہ ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس کو آپریشن پولیس کی جانب سے ڈکیتی کی تفتیش منتقل کی گئی جس میں ایک خاتون ہما زوجہ راشد گرفتار تھی جبکہ 2 ملزمان فرار تھے۔

ملزمہ ہما نے تفتیش میں بتایا کہ اس کا شوہر راشد جیل میں ہے شوہر کی ضمانت کیلیے میں ملزم ریحان کے ذریعے گروہ میں شامل ہوئی، گزشتہ دنوں وہ گروہ کے رکن ریحان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ناگن چورنگی پہنچی جہاں کچھ دیر بعد گروہ کا سرغنہ امجد عرف اسماعیل بھی پہنچ گیا اس دوران امجد نے آٹے کے تھیلے میں موجود 2 پستولیں نکال کر ہما کے پرس میں رکھوادیں۔

ملزم امجد کے پاس ایک اشتہار بھی تھا جس پر گلشن اقبال حاجی لیمو گوٹھ مکان نمبر L-206 کا پتہ درج تھا جس پر تینوں ملزمان مکان تلاش کرتے ہوئے دو پہر کے وقت مذکورہ مکان پر پہنچ گئے جہاں ان کی ملاقات مکان مالک کامران الحق سے ہوئی ملزمان نے انھیں بتایا کہ وہ مکان خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جس پر مکان مالک نے اپنا ڈبل منزلہ مکان انھیں دکھایا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان نے مکان دیکھنے کے بعد اپنی ساتھی ہما سے کہا کہ مکان مالک کو چیک دے دو جس پر ہما نے اپنے پرس سے پستول نکال کر امجد کو دی اور ملزم اسماعیل نے ایک پستول مکان مالک پر تان لی اسی دوران ملزم ریحان اور ملزمہ ہما نے کچن کے راستے مکان میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کی تو وہاں مکان مالک کی والدہ اور اہلیہ موجود تھیں جنھوں نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان سے مزاحمت کی اور انھیں دھکے دیے تو ملزمہ ہما زمین پر گر گئی اور ملزم ریحان پریشان ہوکر بھاگ گیا جس پر مکان میں موجود افراد نے شور مچادیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور فرار ہوتے ہوئے ملزمان کی ایک موٹر سائیکل خراب ہوگئی تھی جس پر ملزمان ایک موٹر سائیکل وہیں چھوڑ کر دوسری موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوگئے جبکہ ملزمان کی ساتھی ملزمہ ہما کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ جب انھوں نے فرار ہونے والے ملزمان کے موبائل فون کا ریکارڈ نکلوایا تو ملزمان کی لوکیشن حیدرآباد کی آرہی تھی جس پر پولیس نے ملزمان کا انتظار شروع کردیا اور وقفے وقفے سے ملزمان کی لوکیشن چیک کرتے رہے اسی دوران 16جنوری کو پولیس پارٹی اور مقدمے کے مدعی ایک دوسری واردات کے جائے وقوع کو دیکھ کر واپس تھانے کی جانب جارہے تھے کہ مدعی کامران الحق نے جھنگوی روڈ پر کھڑے ملزمان کو پہچان لیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

مبینہ ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ڈکیت گروہ کے سرغنہ محمد امجد غوری کا کہنا ہے کہ وہ بلال کالونی کا رہائشی ہے اس سے قبل وہ لیاقت آباد میں رہتا تھا ، ملزم نے بتایا کہ اس نے ہی انٹر نیٹ ویب سائٹ او ایل ایکس پر مکانوں کی فروخت کے اشتہار دیکھ کر منصوبہ بنایا تھا، اسی نے ہی وارداتوں کے لیے اپنے دوست ملزم ریحان کو ایک لڑکی کے بندوبست کا کہا تھا تاکہ وہ گھروں میں باآسانی داخل ہوسکیں۔

ملزم نے بتایا کہ ڈکیتی کا منصوبے کامیاب ہوچکا تھا تاہم آخری لمحے میں مذکورہ گھر میں موجود افراد نے شور مچادیا جس کے باعث علاقہ مکین جمع ہوگئے اور انھیںاپنی ساتھی ہما کو چھوڑ کر بھاگنا پڑا تھا ملزم ریحان سلیمان کا کہنا ہے کہ وہ لائنز ایریا کا رہائشی ہے اور ڈکیتی کی اس منصوبہ بندی میں شامل رہا، ریحان نے بتایا کہ واردات میں ناکامی کے بعد فرار ہوتے وقت موٹر سائیکل خراب ہوگئی جسے وہیں چھوڑ دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔