مخالفین ہار کے خوف سے پیسے کا استعمال، دھاندلی اور دو نمبری کرتے ہیں، عمران خان

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 1 فروری 2015

لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ میرے مخالفین کو ہار کا ڈرہے اس لیے وہ پیسوں کا بے دریغ استعمال کرنے کے ساتھ دھاندلی اوردونمبری کرتے ہیں۔

وہ ایوان اقبال میں تحریک انصاف کے پاکستان اسپورٹس اینڈ کلچرل فیڈریشن کی پہلی سالانہ میٹنگ کے شرکا سے ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے، میٹنگ میں فیڈریشن کے پیٹرن نعیم الحق، صدر افتخار الہی، صدر پنجاب بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن، عمر خیام، میاں جاوید علی کے علاوہ فیڈریشن کے عہدیداروں اور ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں سانحہ شکار پور کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، عمران خان نے کہا کھلاڑی کسی بھی شعبے میں کامیاب ہوسکتا ہے کیونکہ اسے ہارنے کا ڈر نہیں ہوتا،کھلاڑی آخری گیند تک مقابلہ کرتا ہے اور غلطیوں سے سیکھتا ہے۔

عمران خان کاکہنا تھا بطورکھلاڑی ان کی مضبوط ٹریننگ ہے اس لیے مد مقابل سیاستدان ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اس موقع پرتحریک انصاف کے کیلنڈر ایئرکا اعلان کیا گیا جس کے مطابق باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ملک بھر میں 4 اپریل سے 11 اپریل تک فاسٹ بولرز کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا،صدر فیڈریشن پنجاب بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن خطاب کے لیے ڈائس پرآئے تو بجلی چلی گئی، بجلی کی بحالی تک گونواز گو کے نعرے لگتے رہے، تحریک انصاف کے پرچم میں ملبوس ایک کارکن گو نواز گو کے نعرے والے اسٹکر بھی تقسیم کرتا رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔