حفاظت ننھی کلیوں کی۔۔۔

سویرا فلک  پير 9 مارچ 2015
گھر کی نازک کلیاں جب بوجھل یا بیمار ہوں تو مائیں اپنے گل گوتھنے کی بے چینی اور تکلیف دیکھ کر پریشان ہو جاتی ہے۔  فوٹو: فائل

گھر کی نازک کلیاں جب بوجھل یا بیمار ہوں تو مائیں اپنے گل گوتھنے کی بے چینی اور تکلیف دیکھ کر پریشان ہو جاتی ہے۔ فوٹو: فائل

گھرمیں ننھی منوں کی کلکاریاں کسے نہ بھاتی ہوں گی، مگر جب یہ نازک کلیاں جب بوجھل یا بیمار ہوں، تو مائیں اپنے گل گوتھنے کی بے چینی اور تکلیف دیکھ کر پریشان ہو جاتی ہے، جو کہ ایک لازمی اور فطری عمل ہے۔

اس حوالے سے بچوں کا معائنہ ایک مستند معالج سے کرانا بھی لازم ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ اگر گھریلو ٹوٹکوں سے استفادہ کیا جائے تو کافی حد تک مسائل سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ ذیل میں چند موثر نسخے پیش خدمت ہیں، جو بچوں کے عام مسائل سے نبرد آزما ہونے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

نزلہ کھانسی اور بخار

ذرا سی بے احتیاطی سے بچے بڑے سب کھانسی اور نزلے سے پریشان ہو جاتے ہیں۔ چھوٹے بچوں میں سینے میں خرخراہٹ کی شکایت ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے پسلی چلنے اور نمونیہ کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے میں ایک چمچا خالص شہد میں چٹکی بھر نمک شامل کر کے نیم گرم کر لیں اور وقفے وقفے سے بچوں کو چٹائیں۔ بچے کو آلودہ اور گردوغبار سے بچائیں۔ لباس اور غذا موسم کی مناسبت سے استعمال کرائیں۔ ناک میں زیتون کے تیل کے قطرے ڈالیں۔

نیم گرم زیتون کے تیل سے سینے کی مالش کریں۔ اس کے علاوہ چھے ماہ سے بڑے بچوں کے لیے ایک پیالی پانی ایک انچ دار چینی کا ٹکڑا، ایک انچ ادرک کا ٹکڑا لے کر جوشاندہ تیار کریں، پھر اس میں شہد ملا کر وقفے وقفے سے بچوں کو چمچا بھر کر پلائیں۔ یہ نسخہ بلغم رفع کرنے اور کھانسی سے نجات کے لیے لاجواب ہے۔ تیز بخار کو فوری طور پر کم کرنے کے لیے سادے یا ٹھنڈے پانی میں تھوڑا سا سرکہ ملا کر اس میں تولیہ بھگوا کر نچوڑ لیں اور پھر گیلا تولیہ جسم پر پھیریں۔ یہ عمل چار سے پانچ بار کریں۔

پیٹ کا درد اور ہاضمے کی خرابیاں

بچوں میں پیٹ کا درد، گیس، قبض اور اسہال کی شکایات بھی عام نظر آتی ہیں۔ گیس کی شکایت کی صورت میں بچے کو اوندھا لٹا کر پیٹھ سہلائیں اور ناف کی سینکائی کریں۔ پیٹ کے درد کے لیے ایک چائے کا چمچا سونف، چند پتے پودینے اور دو الائچی لے کر دو پیالی پانی میں خوب جوش دے کر رکھ لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر دو بڑے چمچے وقفے وقفے سے پلائیں۔ روزانہ تازہ جوشاندہ تیار کریں۔ بدہضمی اور اسہال کی صورت میں کیلا، نرم کھچڑی اور دہی بطور غذا استعمال کرائیں اور ساگودانہ پانی میں ابال کر وہ پانی استعمال کرائیں۔

ساتھ چینی اور نمک ملا پانی بھی وقفے وقفے سے پلائیں، تاکہ نمکیات کی کمی نہ ہونے پائے۔ قبض کی صورت میں نیم گرم پانی میں شہد ملا کر استعمال کروائیں۔ دستوں کو روکنے کے لیے دو پیالی پانی میں ایک چھوٹا چائے کا چمچا پانی شامل کر کے اتنا جوش دیں کہ پانی ایک پیالی رہ جائے۔ ٹھنڈا کر کے چھان لیں اور وقفے وقفے سے استعمال کروائیں۔ الٹیوں کو روکنے کے لیے انڈے کی سفیدی میں ایک چائے کا چمچا پانی شامل کر کے خوب پھینٹیں اور وقف وقفے سے استعمال کرائیں۔

نیپی ریش، دانے اور خارش

ماؤں کے لیے لازم ہے بچوں کو صاف ستھرا رکھیں۔ روزانہ زیتون کے تیل کی مالش کر کے غسل کرائیں۔ صبح شام اور رات سونے سے پہلے کپڑے ضرور بدلوائیں۔ کپڑے نرم اور موسم کی مناسبت سے پہنائیں۔ نیپی ریش پر پیٹرولیم جیلی لگائیں۔ گرمی دانوں پر چکنی گیلی مٹی کا لیپ کریں۔ خارش کے خاتمے کے لیے نیم کے صابن سے نہلائیں۔ بچوں کو جنت کے باغات کا پھول کہا جاتا ہے۔ انہیں دیکھ کر ماشااللہ پڑھیں تاکہ وہ نظر بد سے محفوظ رہیں اور ساتھ ہی ان کی دیکھ بھال اور صحت کے معاملے میں بھی کوئی کوتاہی نہ برتیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔