تنخواہ سے محروم پولیس اہلکاروں کا احتجاج، لاٹھی چارج سے 15 زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 20 مارچ 2015
سینٹرل پولیس آفس کے سامنے احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں پر پولیس لاٹھی چارج کررہی ہے۔ فوٹو: آن لائن

سینٹرل پولیس آفس کے سامنے احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں پر پولیس لاٹھی چارج کررہی ہے۔ فوٹو: آن لائن

کراچی: سینٹرل پولیس آفس کے سامنے7ماہ سے تنخواہ سے محروم پولیس اہلکاروں کے احتجاجی مظاہرے پر پیٹی بند بھائیوں کے لاٹھی چارج سے15 سے زائد اہلکار زخمی ہو گئے جب کہ متعدد کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 1700 پولیس اہلکار 7ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں، متاثرہ پولیس اہلکاروں نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع سینٹرل پولیس آفس کے سامنے احتجاج کیا اور دھرنا دے کر آئی آئی چندریگر روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کردی جس کے باعث آئی آئی چند ریگر روڈ، کھارادر، ٹاور، صدر سمیت مختلف سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، مظاہرین نے فوری طور پر تنخواہیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اگست میں بھرتی ہونے کے بعد7ماہ کی تربیت کے لیے سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر آئے تھے جہاں ہر ماہ کھانے کی مد میں3ہزار روپے ادا کرنے پڑتے تھے، گھر میں بھی فاقوں کی نوبت آگئی، 13مارچ کو سعید آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے لیے نئی وردی3ہزار میں خریدنی پڑی، 7ماہ کی تربیت10ماہ میں مکمل کرنے بعد اب4 ماہ کی ایلیٹ ٹریننگ کے لیے رزاق آباد بھیجا جا رہا ہے جہاں پھر سے وردی خریدنے کے لیے1400روپے اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر میں کھانے کے لیے بھی4 ہزار600 روپے جمع کرانیکی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعدسے کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم اہلکاروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا،احتجاج اورٹریفک جام کی اطلاع ملنے پر ایس پی سٹی آفتاب نظامانی سمیت پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے،مظاہرین سے مذاکرات کیے۔

اعلیٰ حکام کی جانب سے جلد تنخواہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، پولیس اہلکاروں نے یقین دہانی کوتسلیم نہیں کیا اور مشتعل ہوگئے، اس دوران پولیس اہلکار پیٹی بند بھائیوں پر ٹوٹ پڑے اور انپر شدید لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہوگئے،15سے زائد اہلکاروںکوحراست میں لے لیا گیا، بعدازاں انہیں رہا کر دیا، تقریبا 2گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، کھارادر، ٹاور، صدر سمیت مختلف علاقوں کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور شام کے اوقات میں دفاتر سے گھر جانے والے شہریوں کو منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنا پڑا جبکہ ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی کئی گاڑیوں میں پیٹرول اور سی این جی بھی ختم ہوگئی ،احتجاج ختم ہونے کے بعد پولیس نے آئی آئی چند ریگر روڈ پر ٹریفک بحال کرادی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔