ڈاؤ یونیورسٹی میں ایشیا کے سب سے بڑے آپریشن کمپلیکس کا افتتاح

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 28 مارچ 2015
گورنر عشرت العباد ،پروفیسر مسعود حمید، و دیگر اوجھا کیمپس میں آپریشن تھیٹرزکمپلیکس کے افتتاح کے بعد دعا کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

گورنر عشرت العباد ،پروفیسر مسعود حمید، و دیگر اوجھا کیمپس میں آپریشن تھیٹرزکمپلیکس کے افتتاح کے بعد دعا کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی:  ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں ایشیا کے سب سے بڑے انتہائی نگہداشت یونٹ اورآپریشن کمپلیکس کا افتتاح کر دیا گیا۔آئی سی یو اور وینٹی لیٹر کے اخراجات 3سے 5ہزار روپے یومیہ ہیں،غریب و مستحق مریضوں کے لئے تمام سہولتیں بلا معاوضہ ہونگی۔

آئی سی یو کو گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادکے نام سے منسوب کیاہے،ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خان نے اوجھا کیمپس میں ایشیا کے سب سے بڑے انتہائی نگہداشت یونٹ اورآپریشن کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جگرکی پیوندکاری کے مرکز کے قیام کا بھی اعلان کیا،تقریب میں لیور ٹرانسپلانٹ کی سربراہ ڈاکٹر رعنا مسعود قمر،ترکی سے جگرکی پیوندکاری کی تربیت مکمل کر کے آنے والی ٹیم کے سربراہ سرجن شمس، پرنسپل و ڈائریکٹر اوجھا پروفیسر مسرور، پروجیکٹ ڈائریکٹر برکات راجپوت سمیت دیگر ارکان فیکلٹی بھی موجود تھے۔

پروفیسر مسعود حمید خاں کا کہنا تھا کہ اپریل میں اوجھا کیمپس میں جگرکی پیوندکاری کاعمل شروع کردیاجائے گا، یونیورسٹی کے سرجنز امریکا اورترکی سے تربیت مکمل کرکے کر کے آئے ہیں، یونیورسٹی ملک کی پہلی پبلک سیکٹرکی میڈیکل یونیورسٹی ہے جس نے لیورٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا،انسٹیٹیوٹ برائے امراض جگر، معدہ وآنت میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروس دی جاتی ہے،مرکز میں شدید بیمار مریضوں کے لیے انتہائی نگہداشت یونٹ میں جدید مانیٹرز اور وینٹی لیٹرز بھی رکھے گئے ہیں۔

ڈاؤ یونیورسٹی میں پاکستان کی پہلی جدید ترین فیبرو اسکین مشین لائی گئی ہے جو بغیر بایوپسی جگرکی اندرونی کیفیت بتاسکتی ہےاورجگرکی چربی اور دیگر امراض کی تشخیص کی بدولت  بروقت علاج ممکن ہوسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔