سعودی اور اتحادی فوجیں یمن میں داخل، باغیوں سمیت 44 افراد ہلاک

اے ایف پی/ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2015
 اتحادی فوجوں کا یمن کی سرحد کے اندر پیش قدمی کا امکان ہے، عرب ٹی وی کا دعویٰ، فوٹو:فائل

اتحادی فوجوں کا یمن کی سرحد کے اندر پیش قدمی کا امکان ہے، عرب ٹی وی کا دعویٰ، فوٹو:فائل

ریاض / عدن: یمن میں باغیوں اور اتحادی فوجوں کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرتی جارہی ہے اور سعودی واتحادی ممالک کی بری فوجیں عدن میں داخل ہوگئی ہیں جب کہ حوثی باغیوں اور صدر منصور ہادی کی حامی فوج کے درمیان لڑائی میں 44 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب اور اتحادی ممالک کی فوجیں عدن کے پورٹ سے شہر میں داخل ہوگئی ہیں جس کی یمنی حکام کی جانب سے تردید کی گئی ہے جب کہ عدن کے شہریوں کے مطابق غیر ملکی فوجیوں کو سمندر کے راستے شہر میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب عرب ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ اتحادی فوجوں کا یمن کی سرحد کے اندر پیش قدمی کا امکان ہے۔

عدن کے جنوبی علاقوں میں حوثی باغیوں اور منصور ہادی کی حامی فوجوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے جس میں باغیوں سمیت 44 افراد ہلاک ہوگئے۔

ادھر حوثی باغیوں کی سعودی عرب کے سرحدی گارڈز پر فائرنگ سے ایک فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جس کے بعد اس لڑائی میں باغیوں کے ہاتھوں یہ سعودی عرب پہلی فوجی ہلاکت ہے جس کی سعودی وزارت خارجہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ جنوب مغربی بارڈر آسیر کے قریب کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔