غیر یقینی صورتحال سے کراچی کا امیج متاثر ہوا، کور کمانڈر

بزنس رپورٹر  جمعـء 29 مئ 2015
شہر میں مستقل بنیادوں پر امن کا قیام یقینی بنائیں گے، کور کمانڈر کراچی۔ فوٹو: فائل

شہر میں مستقل بنیادوں پر امن کا قیام یقینی بنائیں گے، کور کمانڈر کراچی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کورکمانڈرفائیوکورلیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کراچی میں مستقل بنیادوں پرامن کے قیام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ غیریقینی صورت حال سے کراچی کا امیج بری طرح متاثر ہوا ہے ۔

جس کے منفی اثرات زائل کرنے اورمعیشت کی مکمل بحالی کے لیے کراچی چیمبرآف کامرس تجاویزپیش کرے۔ یہ بات انھوں نے بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی کی قیادت میں کراچی چیمبر کے ایک نمائندہ وفد سے 2گھنٹے سے زائد دورانیے کی ملاقات کے دوران کہی۔ لیفٹیننٹ جنرل نویدمختار نے کراچی میں سندھ رینجرز کی سرپرستی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وفد کو آپریشن کے طریقہ کار اور خفیہ ایجنسیوں کی ان حکمت عملیوں سے آگاہ کیا جس کے ذریعے بھتہ خور، ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں، کالعدم تنظیموں کے عسکریت پسندوں اوردیگر سیاسی وابستگی رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نتیجہ خیزکارروائیاں کی گئیں۔کورکمانڈر نے کراچی میں پائیدار امن،استحکام، انفرااسٹرکچر،انتظامی امور، تجارت وصنعتی ماحول کے حوالے سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کی تجاویز کوبھی سراہا۔

وفد میں بی ایم جی کے وائس چیئرمینز طاہر خالق، زبیر موتی والا، ہارون فاروقی، انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدرافتخار احمد وہرہ، نائب صدر آغاشہاب احمد خان، سابق نائب صدر اور خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین عبدالمجید میمن، سابق صدرکے سی سی آئی اے کیو خلیل، سابق نائب صدر محمد ادریس اور سابق سینئر نائب صدر کے سی سی آئی و چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری جاوید بلوانی بھی شامل تھے، 2گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مذکورہ اجلا س میں کراچی کے عوام اور تاجروصنعتکار برادری کو درپیش مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے شہر کی مجموعی کاروباری و صنعتی صورت حال پر اپنا نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے کاروباری و صنعتی ماحول کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔