تین ہٹی چوک سے کھارادر،25مقامات پر کیمرے لگیں گے

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 نومبر 2012
ان کی مدد سے 8 ، 9 اور 10 محرم کے مرکزی جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی. فوٹو فائل

ان کی مدد سے 8 ، 9 اور 10 محرم کے مرکزی جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی. فوٹو فائل

کراچی: محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظر تین ہٹی چوک سے کھارادر تک 25 سے زائد مقامات پر مزید 100 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

جن کی مدد سے 8 ، 9 اور 10 محرم کے مرکزی جلوسوں کی نگرانی کی جائے گی ، ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی ہدایت پر کراچی پولیس نے محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے اہم راستوں پر مزید کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی پولیس کو مزید100 کیمروں کی خریداری کے لیے 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے جس سے کراچی پولیس نے مزید 100 کیمرے خرید لیے ہیں اور ان کی تنصیب کا کام آئندہ 2 روز میں شروع کر دیا جائے گا ۔

خریدے جانے والے کیمرے تین ہٹی چوک ، جہانگیر روڈ ، گرومندر ، نمائش ، سولجر بازار ، شاہراہ قائدین ، امام بارگاہ علی رضا ، تاج کمپلیکس ، سی بریز ، ناصرہ اسکول صدر ، الیکٹرانک مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ماما پارسی اسکول، ریڈیو پاکستان ، جامعکلاتھ ، ڈائو میڈیکل کالج ، ڈینسو ہال ، لائٹ ہائوس، میڈیسن مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارا در کے اندرونی حصے، امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان سمیت حساس مقامات پر نصب کئے جائیں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ جلوس کے مرکزی راستوں پر موجود پہلے سے لگے کیمروں کی کارکردگی کے حوالے سے ازسرنو جانچ پڑتال کی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق کیمروں میں مزید اضافے کا مقصد نہ صرف مرکزی جلوسوں کی بہتر انداز میں نگرانی ہے بلکہ کسی بھی غیر معمولی واقعہ کو قبل از وقت ناکام بنانے میں بھی مدد مل سکے گی ، نصب کیے جانے والے اضافی 100 کیمروں کو سینٹرل پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم اور کے ایم سی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔