عمر اکمل کی خطائیں معاف، راہ میں حائل رکاوٹیں بھی صاف

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 10 ستمبر 2016
سعد نسیم اور بار بار فٹنس مسائل سے دوچار ہونے والے رومان رئیس کی واپسی ہوگئی،ماضی کا سوچنے کی ضرورت نہیں عمر کو کلیئرنس مل چکی ہے،توصیف  فوٹو: فائل

سعد نسیم اور بار بار فٹنس مسائل سے دوچار ہونے والے رومان رئیس کی واپسی ہوگئی،ماضی کا سوچنے کی ضرورت نہیں عمر کو کلیئرنس مل چکی ہے،توصیف فوٹو: فائل

 لاہور: پی سی بی نے ایک مرتبہ پھر عمر اکمل کی تمام خطائیں معاف کردیں اور وہ قومی ٹیم میں واپس آ گئے۔ 

ویسٹ انڈیز سے 3  ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، خراب ڈسپلن کی وجہ سے ٹیم میں اپنی جگہ گنوانے والے عمر اکمل کو ایک بار پھر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل گیا ،وہ ان دنوں جاری ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پیش کر رہے ہیں، اب تک5میچز میں انھوں نے ایک سنچری کی مدد سے 304 رنز بنائے، عمراکمل نے گذشتہ دنوں پی سی بی کے چیئرمین شہریارخان سے ملاقات میں اپنے رویے پر معذرت کرلی تھی۔

عمر اکمل کے انتخاب پر سلیکشن کمیٹی کے رکن توصیف احمد کا کہنا ہے کہ ہمارا ہمیشہ سے خیال تھا کہ عمر اکمل کی اسکواڈ میں جگہ بنتی ہے، یہ سوچنا غیر ضروری ہوگا کہ ماضی میں کس وجہ پروہ ڈراپ ہوئے، عمر اکمل کو کلیئرنس مل چکی ہے، بہترین فارم میں موجود بیٹسمین ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹوئنٹی20 میچ 23 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اگلے روز دونوں ٹیمیں اسی گراؤنڈ پر پھر نبرد آزما ہوں گی، سیریز کا آخری میچ 27 ستمبر کو ابوظبی میں شیڈول ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔