قائد اعظم ٹرافی کرکٹ؛ وہاب ریاض نے تباہی مچادی، 9 وکٹیں لے اڑے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 8 فروری 2013
کئی میچز بارش سے شدید متاثر ہوئے۔  فوٹو : اے ایف پی

کئی میچز بارش سے شدید متاثر ہوئے۔ فوٹو : اے ایف پی

کراچی:  قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ رائونڈ میں لاہور شالیمارکے وہاب ریاض نے تباہی مچادی۔

فاسٹ بولر راوی کیخلاف میچ کی پہلی اننگز میں 9 وکٹیں لے اُڑے، ٹیم 153 رنز پر پویلین پہنچ گئی،راولپنڈی نے اسلام آباد کیخلاف 3 وکٹ پر 195 رنز بنالیے،کراچی بلوز نے حیدرآباد کے مقابل 9 وکٹیں گنوا کر 189 رنز جوڑے، لعل کمار نے 4 وکٹیں لیں،کراچی وائٹس اور سیالکوٹ کے مابین پہلے روز کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا،باٹم سکس مقابلے میں ملتان اور ایبٹ آباد کے درمیان دوسرے روز بھی کھیل نہ ہو سکا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ پر میچ کے دوسرے روز راوی وہاب ریاض کی عمدہ بولنگ کے سبب پہلی اننگز میں 48.1 اوورز میں 153 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی،عابد علی اوریاسر اجمل 34،34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،وہاب ریاض نے59 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،ایک وکٹ اعزاز چیمہ کے ہاتھ لگی،جواب میں شالیمار نے 22 اوورز میں ایک وکٹ گنوا کر 121 بناکر پوزیشن مستحکم کرلی،عمر اکمل 54 اورعمران بٹ 52 رنز کے ساتھ کریز پر ہیں۔

پنڈی کلب گرائونڈ پر میزبان نے پہلی اننگز میں اسلام آباد کیخلاف195 رنز بنائے اور3 کھلاڑی آئوٹ ہوئے،شعیب احمد 88 اور بابر نعیم 78 رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں، پہلے دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا تھا،آزادجموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں پہلے روزکھیل کے اختتام پرکراچی بلوز نے حیدرآباد کے خلاف 74 اوورز میں 9 وکٹ پر 189 رنز بنائے،خرم منظور 62 رنز جوڑ کر پویلین لوٹ گئے، طارق ہارون نے34 رنز کا اضافہ کیا،تابش خان 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر ہیں،لعل کمار نے 42 رنز دے کر4وکٹیں اپنے نام کیں،نعمان علی اور ناصر اویس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اسلام آباد کے ڈائمنڈ کلب گرائونڈ پر پہلے دن کا کھیل وکٹ گیلی ہونے کے باعث ممکن نہ ہوسکا،دریں اثنا باٹم سکس مقابلوں میں صوابی کے گوہاٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد اور ملتان کے مابین دوسرے روز بھی بارش کے سبب کھیل نہ ہو سکا، پشاور کے نیاز ارباب اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے 27.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنا لیے،نوید خان اور اسرار اللہ 23،23 رنز کے ساتھ وکٹ پر ہیں، ابتدائی روز بارش کے باعث کھیل نہ ہونے کے بعد پہلی اننگز منسوخ قرار دی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔