عمران خان کی سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین کو مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت

وکیل راؤ  جمعـء 10 اگست 2018
عمران خان نے نومنتخب ارکان کو صوبے میں وفاقی اداروں کی کارگردگی کو مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ فوٹو:فائل

عمران خان نے نومنتخب ارکان کو صوبے میں وفاقی اداروں کی کارگردگی کو مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ فوٹو:فائل

 کراچی:  پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے نو منتخب ارکان کوصوبے میں مضبوط اپوزیشن کرنے، عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے اور وفاقی اداروں کی کارکردگی مانیٹر کرنے کی ہدایت کردی۔

پارٹی سربراہ نے کراچی کے ساتھ دیہی سندھ کے علاقوں پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایات انھوں نے جمعرات کو بنی گالہ میں تحریک انصاف کے نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کے اجلاس میں دیں۔

اجلاس میں شریک پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن اسمبلی خرم شیر زمان ، راجہ اظہر اور دیگر نے ایکسپریس کو بتایا کہ چیئرمین عمران خان نے واضح کیا کہ سندھ میں موثر اپوزیشن کے ساتھ عوامی مسائل پر توجہ دینی ہے ہماری حکومت کے ابتدائی سو دن اہم ہیں مجھے وفاقی اداروں میں بہتری کے نتائج نظر آنے چاہییں۔

عمران خان نے نومنتخب ارکان کو صوبے میں وفاقی اداروں کی کارگردگی کو مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ رہنماؤں کے مطابق پارٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے احتجاج سے قطع نظر ہمیں صرف اور صرف عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی ہے۔

اجلاس میں نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی نے پارٹی قیادت کے سامنے کے الیکٹرک اور واپڈا سے متعلق شکایات کیں اور کہا کہ کے الیکٹرک کو وفاق سے ملنے والی سبسڈی عوام کو ریلیف دینے سے مشروط کی جائے۔ نو منتخب اراکین نے کراچی میں پانی کی تقسیم کے نظام کو درست کرنے سے متعلق بھی اظہار خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کے سوالات کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ آپ مجھ پر اعتماد کریں میں جس سے اتحاد کروںگا اس کی ذمے داری بھی لوںگا ابتدائی سو روز میں کراچی پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے شہر کے دیرینہ مسائل کے حل کی طرف پیش قدمی کریںگے، پہلے ہم اپنے منشور کے مطابق عوامی مسائل کے حل میں واضح تبدیلی لائیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی تعدادچونسٹھ کے قریب ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کو ماضی کے مقابلے میں مختلف اور مضبوط اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں نو منتخب اراکین نے پی ٹی آئی قیادت کو مشورہ دیا کہ پیپلزپارٹی کی احتجاجی تحریک سے نمٹنے کے لیے سندھ میں پارٹی اور نو منتخب عوامی نمائندوں کو متحرک کرکے ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تقرری کا معاملہ زیر بحث نہیں لایا گیا اور پارٹی قیادت کی جانب سے آج یا کل سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر کے نام کا اعلان متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔