صوبائی حکومت میں مداخلت، اے این پی کا عمران خان کیخلاف تحریک التوا جمع کرانے کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 4 اگست 2013
اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا سربراہ سرکاری ملازموں کے اجلاسوں کی صدارت نہیں کر سکتا۔ فوٹو: فائل

اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا سربراہ سرکاری ملازموں کے اجلاسوں کی صدارت نہیں کر سکتا۔ فوٹو: فائل

اے این پی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین کے اجلاس کی صدارت کرنے کے خلاف صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرانے کا اعلان کر دیا۔

اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کا سربراہ سرکاری ملازمین کے اجلاسوں کی صدارت نہیں کر سکتا، عمران خان کا سرکاری ملازمین کا اجلاس بلانا اور ان کی صدارت کرنا غیر آئینی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو اتنا ہی شوق تھا تو صوبائی الیکشن لڑ کر وزیراعلیٰ بن جاتے۔

زاہد خان نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پارٹی کا سربراہ اجلاسوں کی صدارت کرے، شاید عمران خان کو صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر اعتماد نہیں ہے یا پھر وہ انہیں ربر اسٹیمپ کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، عمران خان اور ان کی جماعت کو سیاست کا کچھ پتہ نہیں ہے، عمران خان صوبے کو بھی کرکٹ ٹیم کی طرح چلاتے ہیں۔

اے این پی کے رہنما زاہد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جمعہ کو صوبہ خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین کے اجلاس کی صدارت کی جو جمہوریت اور آئین کے منافی اقدام ہے، اجلاس میں شریک ہونا الگ بات ہے لیکن اس کی صدارت کرنا غلط اقدام ہے، اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بھی کبھی سرکاری ملازمین کا اجلاس نہیں بلایا، پنجاب میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف تھے اور نواز شریف نے کبھی سرکاری ملازمین کے اجلاس کی صدارت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی ان غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کا سدباب کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔