ڈاکٹرعظمیٰ کی گاڑی کو ٹکر مارنے کا معاملہ، پروٹوکول مریم نواز کی جگہ فریال تالپورکا نکلا

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جولائی 2016
فریال تالپورکے اسکواڈ میں شامل اہلکاروں ڈاکٹرعظمیٰ کی گاڑی روکی، ذرائع فوٹو:فائل

فریال تالپورکے اسکواڈ میں شامل اہلکاروں ڈاکٹرعظمیٰ کی گاڑی روکی، ذرائع فوٹو:فائل

لاہور: عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹرعظمٰی کی گاڑی کوٹکرمارنے کے معاملے کی کہانی میں نیا موڑاس وقت آیا جب پروٹوکول مریم نوازکی جگہ سابق صدرآصف زرداری کی بہن فریال تالپور کا نکلا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فریال تالپور گلبرگ میں جیالے عاصم گجر کے گھر جارہی تھیں اس دوران عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹرعظمیٰ کی گاڑی ان کے پروٹوکول میں داخل ہوگئی جس پر اسکواڈ میں شامل اہلکاروں نے ان کی  گاڑی روکی جس کے دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔

دوسری جانب عمران خان کی بہن ڈاکٹرعظمیٰ کا اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا وہ بچوں کے ہمراہ گلبرگ  سے گزر رہی تھی اس دوران ایک وی آئی پی شخصیت کے اسکواڈ میں شامل پولیس وین نے سامنے سے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری جس پر میں گاڑی سے اتری تو ہمیں سڑک سے ایک طرف ہٹا دیا گیا اور مسلح اہلکاروں نے مجھ پر اور بچوں پر بندوقیں تان لیں اور پروٹوکول میں شامل دوسری گاڑی ہمارے قریب آکر رکی جس میں سوار اہلکاروں نے ہراساں کرنے کی کوشش کی۔

ڈاکٹر عظمی کا کہنا تھا کہ جب میں نے پوچھا یہ کون سی وی آئی پی شخصیت ہیں جس  پروٹوکول میں سے کسی نے بتایا کہ یہ مریم نواز ہیں، گاڑیاں جس گھر میں رکی انہوں نے بھی کہا کہ مریم نواز آرہی ہیں اور گھر والوں نے یہ بھی کہا ہم آپ کا نقصان پورا کردیں گے۔

ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا اس پر افسوس ہے لیکن اس وقت میں اسلام آباد میں تھی اور وہیں یہ خبر سنی جب کہ میں اسلام آباد سے  شام ساڑھے 4 بجے لاہور پہنچیں۔ انہوں نے ساتھ یہ بھی لکھا کہ جھوٹوں کو رمضان میں تو کم از کم جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔