محکمہ اوقاف کی املاک کی اونے پونے فروخت؛ نیب تحقیقات شروع

طالب فریدی  جمعـء 8 جون 2018
محکمہ اوقاف کی وقف املاک کا ریکارڈ نیب میں پیش کر دیا گیا، ذرائع فوٹو:فائل

محکمہ اوقاف کی وقف املاک کا ریکارڈ نیب میں پیش کر دیا گیا، ذرائع فوٹو:فائل

لاہور: نیب نے محکمہ اوقاف کی وقف املاک بشمول پیٹرول پمپس کی اونے پونے داموں خریدو فروخت اور کرایہ منتقلی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف کی وقف املاک کا ریکارڈ نیب میں پیش کر دیا گیا، نیب کی جانب سے تحقیقات کے آغاز کے بعد اوقاف حکام نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں وقف املاک منتقلی کرایہ داری پر پابندی عائد کر دی۔

پنجاب بھر میں مختلف مزارات، مساجد کے نام پر 73 ہزار 503 ایکڑ 3 کنال 15 مرلے رقبہ موجود ہے، جبکہ دوکانیں، گھر اور پیٹرول پمپ اس کے علاوہ ہیں۔ وقف اراضی کے اعتبار سے ڈیرہ غازی خان زون، بہاولپور زون، فیصل آباد زون، سرگودھا زون، گوجرانوالہ زون اور لاہور زون بالترتیب پہلے سے چھٹے نمبر پر ہیں۔

وقف دوکانوں کے اعتبار سے لاہور زون، سرگودھا زون، بادشاہی مسجد، پاکپتن زون، راولپنڈی زون بالترتیب پہلے سے پانچویں نمبر پر ہیں۔

پیٹرول پمپ سائٹس کے اعتبار سے لاہور زون، بادشاہی مسجد، سرگودھا زون اور گوجرانوالہ زون پہلے سے چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ ریکارڈ میں لاہور سمیت فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، پاکپتن کے زون کا مکمل ریکارڈ شامل ہے۔ لاہور داتا دربار زون کی حدود میں 55 ایکڑ4 کنال 12 مرلے وقف رقبہ کے علاوہ 247 دوکانیں اور 11گھرموجود ہیں۔

لاہور بادشاہی، مسجد زون میں 12 ایکڑ2 کنال2 مرلے وقف رقبہ کے علاوہ 797 دوکانیں، 17گھر، 6 پیٹرول پمپ سائٹس اور 39 دیگر املاک موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔