مویشی منڈی میں پانی بھر گیا، بیوپاری مشکلات سے دوچار

اسٹاف رپورٹر  منگل 30 جولائی 2019
منڈی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کا خمیازہ بیوپاریوں اورکاروباری افرادکوبرداشت کرنا پڑا،منڈی سے نکاسی آب کاکام شروع کردیاگیا۔ فوٹو: فائل

منڈی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کا خمیازہ بیوپاریوں اورکاروباری افرادکوبرداشت کرنا پڑا،منڈی سے نکاسی آب کاکام شروع کردیاگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی:  سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوورں کے لیے قائم مویشی منڈی کی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی نے بیوپاریوںکو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔

بارش کے بعد سپر ہائی وے مویشی منڈی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور نشیبی مقامات پر پانی بھرنے سے بیوپاریوں کو قربانی کے جانور محفوظ مقام پر منتقل کرنا پڑ گئے جبکہ وی وی آئی پی بلاک میں پانی بھر نے سے کیٹل فارمز کے مالکان اپنے بھاری مالیت کے بیل اورگائے بچانے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے۔

مویشی منڈی انتظامیہ کے ٹھیکیدارکی جانب سے بھی پمپوں کی مدد سے پانی کی نکاسی کی کوششیں کی گئیں تاہم وہ بیوپاریوں کومکمل طور پرسہولتیں فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام دکھائی دیے، مویشی منڈی میں بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث کیچڑ میں گائے و بیلوں کے کھڑے رہنے کی وجہ سے اس بات کا بھی خدشہ ظاہرکیا جا رہاہے کہ کہیں وہ کھر اورمنہ خورے کی بیماری میں مبتلا نہ ہو جائیں۔

مویشی منڈی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے لائے جانے والے گائے و بیلوں کو بنائے جانے والے مختلف بلاکس میں اتارا جاتا ہے جس میں کئی بلاک ایسے ہیں جو نشیب میں ہونے کی وجہ سے دن بھر ہونے والی بارش سے وہاں پر پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے اندرون ملک سے آئے ہوئے بیوپاریوں کوشدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا اور انھوں نے جانوروں کو بیمار ہونے سے بچانے کے لیے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا تاہم رات گئے تک مویشی منڈی کے مختلف بلاکس میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ہونے والے کیچڑ میں قربانی کے جانور بدستور کھڑے تھے اور ان کے بیوپاری شدید ذہنی ازیت سے دوچار تھے۔

بیوپاریوں کاکہنا تھا کہ بارشوں کی پیشگی اطلاع کے باوجود مویشی منڈی انتظامیہ کے ٹھیکیدارکی عدم دلچسپی کے باعث انتظامات میں فقدان دیکھنے میں آیا جس کا خمیازہ تمام ٹیکس اورفیسوںکی ادائیگی کے باوجود صرف بیوپاریوں اور مویشی منڈی میں دیگر کاروبار کرنے والوں کوبرداشت کرنا پڑا۔

بیوپاریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مویشی منڈی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیں اور فوری طور پر بیوپاریوں کو سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار اداکریں ، بارش کی وجہ سے ایک جانب مختلف بلاکس میں پانی بھر گیاتو دوسری جانب مویشی منڈی آنے والی مین اور اندرونی سڑکیں بھی زیر آب آنے سے بیوپاریوں سمیت دیگر شہریوں کو بھی شدید مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا، مویشی منڈی انتظامیہ کی جانب سے ٹریکٹراور پمپوں کی مدد سے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کردیاگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔