دنیا کی پہلی کورونا ویکسین برطانیہ کی 90 سالہ خاتون کو لگا دی گئی

فائزر کی ویکسین 2 کروڑ افراد کو لگائی جائیں گی جب کہ 8 لاکھ ڈوزز 80 سے زائد عمر کے افراد کے لیے مختص کی گئی ہیں


ویب ڈیسک December 08, 2020
ملک بھر میں ویکسینیشن کے عمل کو مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے، فوٹو : ٹویٹر

برطانیہ میں ایک 90 سالہ خاتون کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگا کر ملک بھر میں ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں آج صبح سے ملک بھر میں کورونا کے حفاظتی ٹیکوں کو لگانے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جسے 'وی ڈے' کا نام دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کووینٹری کے یونیورسٹی اسپتال میں سب سے پہلی ڈوز مارگریٹ کینن کو لگائی گئی ہے جو آئندہ ہفتے اپنی 91 ویں سالگرہ منائیں گی۔

یہ خبر پڑھیں : برطانیہ نے کورونا ویکسین استعمال کرنے کی منظوری دے دی

برطانیہ نے گزشتہ ماہ فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ ویکسین کے استعمال کی اجازت دیدی تھی جس کے لیے 40 ملین خوراکیں خریدی گئی ہیں اور جو 20 ملین افراد کو لگائی جائیں گی۔

پہلی 8 لاکھ خوراکیں 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائیں گی جس کے لیے ابتدائی طور پر 70 اسپتالوں میں کورونا ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

corona vaccination in UK started 1

برطانیہ کے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، پہلے مرحلے میں صرف انہی لوگوں کو ڈوزز لگائے جائیں گے جنہیں کووڈ۔19 کا زیادہ خطرہ ہے اور ایسے افراد سے خود رابطہ کیا جائے گا۔ ویکسینیشن کے عمل کو ایک سال سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں 17 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 61 ہزار افراد اس مہلک وائرس سے ہلاک ہوگئے جب کہ دنیا بھر میں لھ بھگ 7 کروڑ افراد متاثر ہوئے اور 15 لاکھ سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں ممالک میں امریکا اور بھارت شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں