18 جنوری سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری اور پہلی جماعت سے 8 ویں جماعت تک تعلیمی ادارے 25 جنوری سے کھولے جائیں گے


ویب ڈیسک January 04, 2021
پہلی سے 8 ویں تک 25 جنوری اور یونیورسٹیز یکم فروری سے کھولی جائیں گی. فوٹو:فائل

حکومت نے 18 جنوری سے ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ہوئی، جس میں صوبائی وزرائے تعلیم اور دیگر حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ وزارت صحت کے حکام نے کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔اجلاس میں مئی اور جون میں بورڈ امتحانات کے انعقاد ، موسم سرما و گرما کی چھٹیوں میں کمی اور تعلیمی سال 22-2021 اگست سے شروع کرنے کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت صحت کی سفارش کی روشنی میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نویں سے بارہویں تک تعلیمی ادارے 18 جنوری، پہلی سے 8 ویں جماعت تک کے تعلیمی ادارے 25 جنوری جب کہ یونیورسٹیز یکم فروری سے کھولی جائیں گی۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس بریفنگ میں بتایا کہ بین الصوبائی وزارت تعلیم کا اجلاس 14 یا 15 جنوری کو دوبارہ طلب کیا جائے گا جس میں کورونا کیسز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 18 جنوری سے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی توثیق کی جائے گی مارچ میں ہونے والے بورڈ امتحانات اب مئی اور جون میں منعقد کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر کے تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند تھے۔ 24 دسمبر تک اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز میں گھر سے تعلیم کا سلسلہ جاری تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں