ایران نے صدر ٹرمپ کی گرفتاری کیلیے انٹرپول سے رجوع کرلیا

جنوری 2019 میں بغداد ایئرپورٹ پر حملے میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا ذمہ دار صدر ٹرمپ کو سمجھتے ہیں، ایران


ویب ڈیسک January 05, 2021
ایران کی عدالت نے گزشتہ برس جون میں صدر ٹرمپ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے، فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ایران نے صدر ٹرمپ اور دیگر 47 اعلیٰ امریکی حکام کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لیے انٹرپول سے ایک بار پھر رجوع کرلیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے وزارت انصاف کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے میں ہلاکت پر صدر ٹرمپ اور 47 اعلیٰ امریکی حکام کی گرفتاری کے لیے ایک بار پھر انٹرپول میں درخواست جمع کرائی ہے۔

ایران نے گزشتہ برس جنوری میں بغداد ایئرپورٹ پر حملے میں ملک کی سب سے اہم اور طاقتور قدس فورس کے مقبول ترین سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 47 دیگر حکام کو قرار دیا تھا اور انٹرپول سے ان افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔

یہ خبر پڑھیں : ایران میں امریکی صدر کے وارنٹ گرفتاری جاری، انٹرپول سے گرفتاری کا مطالبہ

ایران میں تہران کے پراسیکیوٹر نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر صدر ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کیے تھے جب کہ ایران جنرل قاسم کا بدلہ لینے کے لیے کئی بار امریکا کو دھمکیاں بھی دے چکا ہے اور بغداد میں امریکی سفارت خانے اور فوجی اڈوں پر حملے بھی کیے گئے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کو کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی امریکیوں کے قتل کی سازش کرے گا اسے اسی انجام سے دوچار ہونے پڑے گا۔ امریکیوں کے قاتل کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔

انٹرپول کی جانب سے ایران کی درخواست پر کسی قسم کا تبصرہ تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں