میرے نزدیک عورت کا تنہا زندگی گزارنا غلط نہیں نوین وقار

غلط انسان سے شادی کرنے سے بہتر ہے کہ آپ تنہا رہیں، اداکارہ


ویب ڈیسک January 08, 2021
غلط انسان سے شادی کرنے سے بہتر ہے کہ آپ سنگل رہیں، اداکارہ نوین وقار۔ فوٹو:فائل

اداکارہ نوین وقار کا کہنا ہے کہ میرے نزدیک عورت کا تنہا زندگی گزارنا غلط نہیں ہے۔

ایک ویب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نوین وقار کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے میرے خیال میں کسی بھی عورت کی زندگی کا سب سے اہم لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ خود مختار ہونے کے ساتھ اپنے خوابوں کے ساتھ جی رہی ہوتی ہے اور اپنے خواہشات پوری کرتے ہوئے بہتر زندگی گزار رہی ہوتی ہے اور میرے نزدیک اس طرح عورت کا تنہا زندگی گزارنا غلط نہیں ہے۔

نوین وقار نے شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں جب بھی کسی تقریب میں جاتی ہوں تو آںٹیاں یہی سوال کرتی ہیں کہ میں کب شادی کر رہی ہوں؟ اس سوال پر میں یہی سوچتی ہوں کہ کیوں یہ سوال بار بار مجھ سے کیا جاتا ہے صرف اس وجہ سے کہ میں عورت ہوں، بہت سے مرد بھی ہیں جوکہ غیر شادی شدہ ہیں لیکن اُن سے کوئی شادی کا سوال نہیں کرتا۔



انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں سب کو یہی جواب دیتی ہوں کہ غلط انسان سے شادی کرنے سے بہتر ہے کہ آپ تنہا رہیں اور خوش رہیں، نصیب میں اگر شادی کا ہونا لکھا ہوگا تو وہ ہو کر رہے گی لیکن یہ بات بھی یاد رکھیں کہ زندگی ایک خوبصورت تحفہ ہے اور آپ جس زمین پر ہیں وہاں آپ کو بہت سے بہترین کام کرنے ہیں اور ان تمام کاموں کو کرنے کے لیے شادی کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔



نوین وقار نے یہ بھی کہا کہ شادی کرنا اچھی بات ہے لیکن اگر کوئی شخص کوئی مقصد حاصل کرنے کے لیے یا کسی وجہ سے تنہا ہے تو اس کے لیے اچھا وقت ہے کہ وہ اپنی خواہشات کی فہرست بنائے اور اسے پورا کرنے کی کوشش کرے۔

واضح رہے کہ ڈرامہ ''وہ ہمسفر تھا''، ''بے وفا'' سمیت دیگر ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ نوین وقار 2012ء میں اظفر علی کےساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں تاہم اُن کی شادی زیادہ عرصے نہ چل سکی اور شادی کے محض تین سال بعد ہی دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں