ضمنی انتخابات میں شکست سلیکٹڈ حکومت کے خلاف عوام کا فیصلہ ہے شرجیل انعام میمن

پرویزمشرف سے بھی زیادہ آمرانہ دورعمران خان کا ہے، رہنما پیپلزپارٹی


ویب ڈیسک February 17, 2021
پرویزمشرف سے بھی زیادہ آمرانہ دورعمران خان کا ہے، رہنما پیپلزپارٹی. فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کل عوام نے ضمنی انتخابات میں شکست دے کرسلیکٹڈ حکومت کے خلاف فیصلہ دیا۔

رہنما پیپلزپارٹی شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کل عوام نے ضمنی انتخابات میں شکست دے کرسلیکٹڈ حکومت کے خلاف فیصلہ دیا یہ ان کے خلاف ریفرنڈم تھا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سینیٹ انتخابات کو یرغمال بنارہی ہے، صدارتی ریفرنڈم بدنیتی ہے اور عدالت میں ہونے کی وجہ سے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی آرڈیننس ان کی بددیانتی ہے۔

رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ یہ اپنے ہی لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں، یہ جن باتوں کی مخالفت کرتے تھے وہ سب کام خود کررہے ہیں اور موروثی سیاست کوفروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے آئینی ترامیم نہیں کی جاسکتی، وہ اپنی مدت 10 سال کے لئے آرڈیننس لائیں تو کیا وہ قبول کیا جاسکتا ہے، حکومت کے گھر جانے کا وقت قریب ہے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا ایک ملازم کل بھوک کے مارے جاں بحق ہوا، پرویزمشرف سے بھی زیادہ آمرانہ دورعمران خان کا ہے، عمران خان کے دور میں عوام کے ساتھ ریکارڈ زیادتیاں کی جارہی ہیں، ان کاریموٹ کنٹرول آئی ایم ایف کے پاس ہے جب کہ نیب سے اپوزیشن کو اتنا خوف نہیں جتنا حکومت کو ہے، میں باہر تھا لیکن پھر بھی واپس آیا۔

سابق صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بی آرٹی پر کوئی انکوائری برداشت نہیں کررہے، بی آرٹی پر اسٹے آرڈر بے ایمانی کا ثبوت ہے، کے پی حکومت کی چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم نے 7 ارب رشوت کی رپورٹ دی جب کہ مالم جبہ کیس اور فارن فنڈنگ کیس اس کے علاوہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی قسم کی ہارس ٹریڈنگ پریقین نہیں رکھتے، رابطے سب سے کیے جاتے ہیں، یہ ایک جمہوری عمل ہے تاہم اب ان کی نشستیں نہیں بچیں گی۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہورہی، جدید اسلحے کے ساتھ کل ان کے پاس سینکڑوں افراد تھے جب کہ پولیس نے اب تک تو پورا اسلحہ بھی برآمد نہیں کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں