آپ کے چہرے کو دیکھ کر احساسات پڑھنے والا لاکٹ تیار

ویب ڈیسک  جمعـء 6 اگست 2021
لاکٹ نما کیمرا ریکارڈر 24 گھنٹے آپ کے چہرے کے تاثرات نوٹ کرتا رہتا ہے (فوٹو: کورنیل یونیورسٹی)

لاکٹ نما کیمرا ریکارڈر 24 گھنٹے آپ کے چہرے کے تاثرات نوٹ کرتا رہتا ہے (فوٹو: کورنیل یونیورسٹی)

 نیویارک: گزشتہ برس کورنیل یونیورسٹی کے سائنس دانوں ںے انسانی احساسات کو پڑھنے والے کیمرے کا اعلان کیا تھا۔ اب اسے ایک ہار کی شکل دے دی گئی جو بہت سہولت کے ساتھ پہنا جاسکتا ہے۔

یہ کیمرا اپنے جدید سافٹ ویئر کی بدولت پورے دن آپ کے احساسات پڑھتا رہتا ہے۔ اسے سی فیس کا نام دیا گیا جس کے معنی ہیں چہرے کو دیکھنے والا، اس میں ایک ہیڈفون نما ساخت کے کونے پر دو کیمرے لگے ہیں جو کانوں پاس موجود ہوتے ہیں۔ یہ کیمرے گالوں گردن اور اس کی حرکات کو دیکھتے ہوئے چہرے کے 42 تاثرات کو دیکھتے رہتے ہیں۔

علاوہ ازیں آنکھ، ہونٹ، بھنویں اور چہرے کے تفصیلات بھی ان سے پوشیدہ نہیں رہتی۔ 88 فیصد درستی سے یہ چہرے کے تاثرات جان سکتا ہے اور ان کا اظہار 8 اہم ایموجی کے ذریعے کرتا ہے۔

اگلے مرحلے میں اسے باقاعدہ ایک ہار (نیکلس) کی شکل دی جائے گی جس میں انفراریڈ کیمرے کا اضافہ کیا جائے گا جس کی بدولت ٹھوڑی اور گردن کو حقیقی روشنی میں دیکھنا ممکن ہوگا۔ اس طرح پورے چہرے کی تھری ڈی ویڈیو ظاہر ہوگی جو پہننے والے کے احساسات اور جذبات کو ظاہر کرے گی۔

تجرباتی طورپر اسے 13 افراد پرآزمایا گیا اورچلتے دوران ان سے مختلف تاثرات کے لیے کہا گیا۔ ان میں لوگ اپنا سربھی ہلارہے تھے اور گلے میں پڑے سسٹم کو ادھر ادھر بھی گھماتے رہے۔ پھر اس کا موازنہ آئی فون ایکس کے ٹروڈیپتھ تھری ڈی کیمرے سے کیا گیا تو اس کی زبردست افادیت سامنے آئی۔

اس سے ایک جانب تو مریضوں کا احوال معلوم کیا جاسکتا ہے تو دوسری جانب ورچول ریئلٹی، آن لائن کانفرنس اور دیگر کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم اس کے طبی استعمال کا امکان بہت روشن ہے کیونکہ ڈاکٹر مریض سے دور رہ کر بھی اس کے جذبات کو پڑھ سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔